ورلڈ ٹی 20 میں بھی پاکستان کے آف دی فیلڈ مسائل کم نہ ہوسکے

آفریدی کے بیان پر تنازع ، ٹیم کو صرف اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھنا چاہیے، ڈین جونز


Sports Desk March 15, 2016
اب کراؤڈ دشمنی کا مظاہرہ نہیں کریگا، میانداد ہمیشہ 200 فیصد کارکردگی دکھاتے تھے،گاوسکر ۔ فوٹو؛ فائل

ورلڈٹی20 سے قبل پاکستانی ٹیم کے آف دی فیلڈ مسائل کم نہ ہوسکے، بورڈ ایشیا کپ میں شکست کی تحقیقات میں مصروف ہے، سیکیورٹی کلیئرنس ملنے پر ٹیم بمشکل بھارت روانہ ہوئی۔

اب کپتان آفریدی اپنے بیان کے سبب مشکلات میں گھر گئے ہیں،انھوں نے گذشتہ دنوں کولکتہ میں میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ بھارت میں انھیں پاکستان سے بھی زیادہ محبت ملتی ہے، جس پر انھیں اپنے ملک میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،ایسے میں سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز نے کہاکہ گرین شرٹس کو بیان بازی میں الجھنے کے بجائے اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھنا چاہیے، ٹیم کو میدان میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ایسے معاملات کرکٹ سے توجہ ہٹا دینگے۔

دوسری جانب بھارت کے سابق کپتان سنیل گاوسکر آفریدی کے اس بیان کو غلط نہیں سمجھتے، انھوں نے کہا کہ آل راؤنڈر نے بھارت میں زیادہ محبت ملنے کا بیان مقامی شائقین کے دل جیتنے کیلیے دیا، پاک بھارت میچز میں جذبات عروج پر ہوتے ہیں،آفریدی نے بھارتی عوام کے بارے میں بات کرکے اچھا کیا، اب ایڈن گارڈنز کا کراؤڈ پاکستان ٹیم کیخلاف دشمنی کا مظاہرہ نہیں کریگا۔

گاوسکر نے آفریدی کے بیان پر جاوید میانداد کے برہم ہونے پر کہا کہ مجھے اس پر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ جاوید ہمیشہ پاکستان کا جھنڈا اپنے دل پر لپیٹ کر رکھتے ہیں، جب بھی وہ ہمارے خلاف کھیلیں 200 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کرتے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔