ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں خواتین بھی موجودگی کا احساس دلانے کیلیے تیار

آج میزبان بھارت اوربنگلہ دیش میں افتتاحی معرکہ،نیوزی لینڈاورسری لنکا بھی مقابل


Sports Desk March 15, 2016
پاکستانی ٹیم کل ویسٹ انڈیزکا سامنا کرے گی،کھلاڑیوں کے حوصلے بیحد بلند فوٹو : فائل

خواتین بھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے کیلیے تیار ہیں، افتتاحی معرکہ میزبان بھارت اور بنگلہ دیش میں ہوگا، نیوزی لینڈ اور سری لنکن سائیڈز بھی مدمقابل ہوں گی۔

پاکستانی ٹیم بدھ کو ویسٹ انڈین ویمنز کا سامنا کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں مینز ایونٹ کے ساتھ خواتین ٹیموں میں بھی مقابلوں کا آغاز ہورہا ہے، ویمنز ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں شریک ہیں، گروپ اے میں آسٹریلیا، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا شامل ہیں،گروپ بی پاکستان، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز پر مشتمل ہے۔

پہلا میچ ان فارم بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بنگلور میں کھیلا جائے گا، متھالی راج کی کپتانی میں اس وقت بھارتی ٹیم کا مورال کافی بلند ہے، اس کی بڑی وجہ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف اس کے ملک میں سیریز کامیابی اور پھر سری لنکا پر کلین سوئپ بنا، بھارت کے کم سے کم سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے، ٹیم ماضی میں 2بار فائنل فور مرحلے تک پہنچ چکی لیکن گذشتہ دو ایڈیشنز میں وہ پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی تھی۔ متھالی راج کو اپنی 7 سینئر کھلاڑیوں پر کافی بھروسہ ہے جو گذشتہ ایڈیشن میں بھی شریک تھیں، ان میں جھولان گوسوامی اور ہرمان پریت کور شامل ہیں۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان جہاں آرا عالم اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے میں مصروف ہیں۔ ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم آسٹریلیا کی نگاہیں مسلسل چوتھے ٹائٹل کے حصول پر مرکوز ہیں، البتہ بھارت اور نیوزی لینڈ سے حالیہ ناکامیوں کے بعد اسے پھر سے اپنے قدموں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ شارلوٹ ایڈورڈز مسلسل پانچویں ایڈیشن میں انگلینڈ کی قیادت کریں گی۔ افتتاحی روز دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونا ہے۔ پاکستان ویمنزٹیم اپنے سفر کا آغاز بدھ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی، گرین شرٹس کے حوصلے بھی کافی بلند ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں