بہار کے وزیر اعلیٰ کراچی پہنچ گئےقائم علی شاہ نے استقبال کیا

پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے عوام قریب آئیں، نتیش کمار

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ایئرپورٹ پر بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو گلدستہ پیش کررہے ہیں۔ فوٹو : آن لائن

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا جناح ٹرمینل ون کراچی پر پرتپاک استقبال کیا ۔


وزیراعلیٰ سندھ نے مہمان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا،اس موقع پر صوبائی وزراء آغا سراج درانی ، منظور حسین وسان ، محمد ایاز سومرو ، سید مراد علی شاہ ، رکن قومی اسمبلی لال چند ، چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس ، آئی جی پولیس سندھ فیاض احمد لغاری کے علاوہ وفاقی و صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے،دونوں رہنمائوں نے پاک بھارت تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی، بعدازاں ایئرپورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کی پاکستان آمد خوش آئند بات ہے ہم انھیں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے وفد کے دیگر اراکین کودل کی گہرایوں سے خوش آمدیدکہتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پاک، بھارت تعلقات تیزی کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں اور اس قسم کے دوروں سے دونوں ممالک کے مابین روابط کو مضبوط بنانے کیلیے مدد ملے گی جو کہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے، بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اس موقع پر کہا کہ انھیں پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے عوام قریب آئیں ۔
Load Next Story