یوم پاکستان پر پارٹی کے نام کے ساتھ منشور اور نظریئے کا بھی اعلان کریں گے رضا ہارون

23 مارچ کو پاکستان کی جمہوریت میں نئے باب اور نئی سوچ کا اضافہ ہوگا، سابق صوبائی وزیر


ویب ڈیسک March 16, 2016
23 مارچ کو پاکستان کی جمہوریت میں نئے باب اور نئی سوچ کا اضافہ ہوگا، سابق صوبائی وزیر، فوٹو؛ فائل

ایم کیوایم کے منحرف رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو اپنی پارٹی کا نام ، منشور اور نظریے کا اعلان کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ 23 مارچ کو پاکستان کی جمہوریت میں نئے باب اور نئی سوچ کا اضافہ ہوگا، اس دن ہم بہت مقدس مقام پر بہت اہم اعلان کریں گے جب کہ اس روز پاکستان کی ترقی و تعمیر کی پہلی اینٹ رکھی جائے گی، اس روز ہم اپنی جماعت کے نام کے علاوہ منشور اور نظریے کا بھی اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 20 کروڑ آبادی میں سے صرف چند لاکھ لوگ ہی کسی سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں، اس لیے پاکستان کے ان 99 فیصد عوام سے کہتا ہوں کہ وہ چند افراد کچھ جماعتوں کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ہمارا ساتھ دیں، اگر ان سے کوئی غلطی ہو تو انہیں پاکستان کے لیے نظرانداز کریں۔

18 مارچ کو ایم کیو ایم کی جانب سے اچھی خبر کے اعلان پر رضا ہارون نے کہا کہ اچھی خبر دینے کے لیے سال کا ایک ہی دن رکھا ہے، ایم کیو ایم کے پاس جتنا بڑا مینڈیٹ ہے اس لحاظ سے اسے بڑی خبریں روز دینی چاہئیں، آخر وہ کب تک لوگوں کو بری خبریں دیتے رہیں گے۔ فاروق ستار کی جانب سے کی گئی باتوں پر ایم کیو ایم کے منحرف رہنما کا کہنا تھا کہ فاروق ستار بڑے پیارے اور معصوم آدمی ہیں، وہ ہمارے بڑے ہیں اگر وہ سختی بھی کریں ہم جواب نہیں دیں گے، فاروق ستار کسی کے لیے مثالیں دینے کے بعد سوچیں کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔