فتح کے ٹونک سے گرین شرٹش میں توانائیاں دوڑنے لگیں

ٹیم کا اعتماد کافی بلند ہو گیا، بھارت سے مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، آفریدی


Sports Desk March 17, 2016
کپتان نے دباؤ میں عمدہ اننگزکھیلی(حفیظ)اچھی بولنگ نہ کرپائے،مشرفی مرتضیٰ ۔ فوٹو : اے ایف پی

فتح کے ٹونک سے گرین شرٹش میں توانائیاں دوڑنے لگیں،کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیم کا اعتماد کافی بلند ہو گیا، ہم بھارت سے مقابلے کیلیے پوری طرح تیار ہیں، میچ کے بعد انٹرویو میں مایہ ناز آل راؤنڈر نے کہا کہ ابتدائی 6 اوورز بہت اہم ہوتے ہیں ہمارے بیٹسمینوں نے اس دوران بہترین پرفارم کیا۔

حفیظ اور احمد شہزاد نے بہت عمدہ کارکردگی دکھائی،انھوں نے کہا کہ اس جیت سے ٹیم کا اعتماد خاصا بڑھا جس کے بعد اب بھارت سے کھیلنے کیلیے پوری طرح تیار ہیں، آفریدی نے کہاکہ کپتانی آسان ذمہ داری نہیں ہوتی لیکن جب ٹیم سو فیصد پرفارمنس دے تو میں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں، انھوں نے کہا کہ میری پرفارمنس ہمیشہ میچ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، میں ہر ایونٹ میں ملک کیلیے عمدہ کھیل پیش کرنا چاہتا اور بطور کپتان دیگر کیلیے مثال بننا پسند کرتا ہوں۔

آفریدی نے کہا کہ گذشتہ دو،تین سیریز میں ہمارے بیٹسمین جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے تھے لیکن اس میچ میں انھوں نے بہتر پرفارم کیا، انھوں نے مزید کہا کہ میں ماضی کی بات نہیں کرنا چاہتا، ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے ، بھارت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے، اگرچہ وہ کیویز سے پہلا میچ ہارگیا لیکن مقابلہ زبردست ہوگا۔

نصف سنچری بنانے والے حفیظ نے کہا کہ اس فتح سے ٹیم کا اعتماد واپس آ گیا، آفریدی نے دباؤ میں عمدہ اننگز کھیلی، انھیں فارم میں واپس آتا دیکھ کر اچھا لگا، انھوں نے کہا بولنگ میں ورائٹی ٹیم کے کام آ رہی ہے۔دوسری جانب شکست خوردہ ٹیم کے قائد مشرفی مرتضی نے کہا کہ پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے 200 کا ہدف ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔

ابتدائی6 اوور کے بعد ہمارے لیے یہ تقریباً ناممکن ہوگیا تھا، شکیب نے عمدہ بیٹنگ کرکے ٹیم کا مجموعہ 150 کے قریب پہنچایا، انھوں نے مزید کہا کہ ہم اچھی بولنگ نہیں کرپائے،اس فارمیٹ میں پلیئرز کا ذہنی طور پر مضبوط ہونا اہم ہوتا ہے، بنگلور کے فلیٹ ٹریک پر آسٹریلوی بیٹنگ بھی ہمارے لیے مشکل ہوگی، ہمارے بولرز کو بہتر منصوبے کیساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں