مشرف کو جانے کی اجازت دینے سے ثابت ہوگیا کہ حکومت کا ان سے مک مکا ہے مولا بخش چانڈیو

نواز شریف نے مشرف کے احسانوں کا بدلہ چکایا ہے، مشیر اطلاعات سندھ


ویب ڈیسک March 17, 2016
نواز شریف نے مشرف کے احسانوں کا بدلہ چکایا ہے، مشیر اطلاعات سندھ، فوٹو؛ فائل

سندھ کے صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ سابق صدر مشرف کو بیرون ملک اجازت دینے سے ثابت ہوتا ہے کہ نواز شریف اور سابق صدر کے درمیان مک مکا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی سمیت لال مسجد کے سیکڑوں نوجوانوں کے قتل کے ملزم ، قومی غدار اور آئین کے مجرم کو حکومت کی جانب سے نرمی کیوں دکھائی جارہی ہے، یقیناً حکومت اور سابق صدر پرویز مشرف کے درمیان مک مکا تھا اور نواز شریف نے مشرف کے احسانوں کا بدلہ چکایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اورعدلیہ کو نقصان پہنچانے والوں کو رعایت دی جارہی ہے اور کوئی بیان تک نہیں آتا، وفاقی وزیر داخلہ کہاں گئے جو اتنا بولتے تھے ان کی یہ مجرمانہ خاموشی جمہوریت کے لیے اچھی نہیں، ہم حکومت کے اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف سازشوں کا دروزہ بند کیا جانا چاہیے تھا لیکن حکومت نے مشرف کو رعایت دے کر جمہوریت کے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے، نواز شریف کی حکومت اب صرف فرمائشی پروگرام رہ گیا ہے ان کے پاس وقت کم ہوتا جارہا ہے، فوج کے سابق سربراہ کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکتا، ان فیصلوں سے جمہوریت کی زندگی کم ہوجاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے آئین شکن پرویز مشرف کو روکنا نہایت ضروری ہے، سابق صدر کو بیرون ملک جانے سے روک کر وزیراعظم ثابت کریں کہ وہ طاقتوراور صاحب اختیار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں