امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے چیف ڈیوڈ پیٹریاس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ڈیوڈ پیٹریاس نے امریکی صدر باراک اوباما کو اپنا استعفی پیش کیا۔ انہوں نےاستعفے میں تحریر کیا کہ وہ 37 سال سے شادی شدہ ہیں اس کے باوجود انہوں نے دوسری خاتون سے بغیرشادی کےجنسی تعلقات رکھے۔ یہ رویہ شوہر اور تنظیم کے سربراہ کی حیثیت سے ناقابل قبول ہے۔
باراک اوباما نے ڈیوڈ پیٹریاس کا استعفی قبول کرتے ہوئے ان کی امریکا کےلئے خدمات کو سراہا۔ امریکی صدر باراک اوباما نے سی آئی اے کے قائم مقام ڈائریکٹرمائیکل موریل پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا امید ہے وہ سی آئی اے کے معاملات کو اچھی طرح لے کرچلیں گے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پیٹریاس کے جس خاتون کے ساتھ تعلقات تھے وہ انہی کی سوانح عمری کی مصنفہ پالابراڈویل ہیں۔ ایف بی آئی نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پالا شادی شدہ اور دو بچو ں کی ماں ہیں۔ ایف بی آئی کو اس معاملے کا علم تھا لیکن انتخابات کی وجہ سے امریکی انتظامیہ کی جانب سے اس خبر کو منظر عام پر لانے سے منع کردیا گیا تھا۔