ورلڈ ٹی ٹوئنٹی نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دیدی

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل میک لینگن نے 3، کورے اینڈرسن اور مچل سینٹنر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔


ویب ڈیسک March 18, 2016
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل میک لینگن نے 3، کورے اینڈرسن اور مچل سینٹنر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: گیٹی امیج

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔


بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے دھرم شالہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا 9 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی۔ عثمان خواجہ اور شین واٹسن نے ٹیم کو 44 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رک سکا،واٹسن 13، کپتان اسٹیون سمتھ اور ڈیون وارنر 6،6 ، عثمان خواجہ 38، گلین میکسوئل 22، مچل مارش 24، ایشٹن اگار9 اور جیمز فالکنر 2 رنز بناسکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل میک لینگن نے 3، کورے اینڈرسن، مچل سینٹنر نے 2،2 اور اش سوڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹن کا فیصلہ کیا، مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 61 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، گپٹل 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 66 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن بھی 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کولن منرو نے 23 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ روز ٹیلر کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی۔ جارح مزاج کورے اینڈرسن اور لیوک رونکی بھی بالترتیب 3 اور 6 رنز ہی بنا سکے جب کہ مچل سینٹنر بھی ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ گرانٹ ایلیٹ بھی 27 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر اور گلین میکسویل نے 2، 2 جب کہ مچل مارش اور شین واٹسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔