2007 میں مصباح کا غلط شاٹ لے ڈوبا ٹرافی ہاتھ سے پھسل گئی

ورلڈ ٹوئنٹی20 کا اولین ایڈیشن 2007 میں جنوبی افریقہ میں ہوا جس میں ٹرافی پاکستان کے ہاتھ سے پھسل گئی۔


ثبات مہدی March 19, 2016
ورلڈ ٹوئنٹی20 کا اولین ایڈیشن 2007 میں جنوبی افریقہ میں ہوا جس میں ٹرافی پاکستان کے ہاتھ سے پھسل گئی۔ فوٹو: فائل

ورلڈ ٹوئنٹی20 کا اولین ایڈیشن 2007 میں جنوبی افریقہ میں ہوا جس میں ٹرافی پاکستان کے ہاتھ سے پھسل گئی، مصباح الحق کا غلط شاٹ ٹیم کو لے ڈوبا، فائنل 24ستمبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا گیا، باہمی لیگ مقابلہ ٹائی ہونے کے بعد بول آؤٹ پر پوائنٹ حاصل کرنے والی بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

گوتم گھمبیر دوسرے اینڈ سے گرنے والی وکٹوں کی پروا نہ کرتے ہوئے ثابت قدمی سے بہتر ٹوٹل کی جانب بڑھتے رہے،اس دوران یوسف پٹھان 15اور یوراج سنگھ 14رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے تھوڑی دیر اوپنر کا ساتھ دے سکے، گھمبیر 75رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو صرف 2اوورز باقی تھے،روہت شرما نے ناقابل شکست 30رنز سے ٹیم کا مجموعہ5وکٹ پر 157تک پہنچایا۔ جواب میں پاکستان کی بیٹنگ ابتدا میں ہی لڑکھڑانا شروع ہوگئی۔

عمران نذیر 33اور یونس خان 24رنزکے بعد 6وکٹیں 77رنز کے سفر میں ہی گر گئیں تھیں، مصباح الحق کی ٹیل اینڈرز کے ہمراہ مزاحمت نے امیدوں کے چراغ روشن کیے، 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر عمرگل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو صرف محمد آصف کا سہارا باقی رہ گیا تھا، آخری 4گیندوں پر 5رنز بنانے کیلیے ایک اچھے اسٹروک کی ضرورت تھی،مصباح الحق فارم میں بھی تھے، بھارتی کرکٹرز اور شائقین پر شکست کا بھوت سوار تھالیکن بیٹسمین نے ناتجربہ کار بولر جوگیندر سنگھ کو اسکوپ شاٹ کھیلنے کا حیران کن فیصلہ کیا جو ناکام ثابت ہوا، گیند سری شانتھ کے ہاتھ میں پہنچتے ہی ٹرافی پاکستان کی دسترس سے باہر ہوگئی، بحران میں مرد میدان مصباح الحق ایک غلط اسٹروک کا انتخاب کرتے ہی ہیرو سے زیرو بن گئے۔

بعد ازاں ان کے بہت کم انٹرویوز ایسے ہوں گے جس میں اس آخری شاٹ کے بارے میں سوال نہ کیا گیا ہو، سینئر بیٹسمین نے 2012میں ٹوئنٹی20انٹرنیشنل کو خیرباد کہہ دیا تھا لیکن ڈومیسٹک مقابلوں میں کھیلتے نظر آتے ہیں، حال ہی میں پاکستان سپرلیگ کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان بھی تھے، البتہ ملک کی نمائندگی صرف ٹیسٹ کرکٹ میں کررہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے امید ظاہر کی کہ بیٹنگ میں مسائل پر بہتر منصوبہ بندی سے قابو پاکر پاکستانی ٹیم اس بار بھارت کو زیر کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں