حصص مارکیٹ 33000 پوائنٹس کی حد بھی عبورکرگئی

ای اینڈ پی،آٹوموٹیو، سیمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں خریداری، انڈیکس 123 پوائنٹس کے اضافے سے 33080پرجاپہنچا

بیشترکمپنیوں کی قیمتیں بلند،مارکیٹ سرمایہ19ارب روپے بڑھ گیا،کاروباری حجم20فیصدزائد،17کروڑ حصص کے سودے فوٹو : فائل

KARACHI:
خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مقامی ای اینڈ پی سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے نئی آٹوپالیسی منظور ہونے کی اطلاعات سے آٹو موٹیوسیکٹر میں سرمایہ کاری کے علاوہ گلیکسواسمتھ اور دیوان سیمنٹ میں خریداری دلچسپی بڑھنے کے سبب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتارچڑھاؤ کے بعد جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی33000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔


تیزی کے باعث 49.85 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں19 ارب22 کروڑ45 لاکھ67 ہزار363 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ سیاسی افق پر اگرچہ صورتحال ملی جلی ہے لیکن ملک کے اقتصادی محاذ پر معیشت کے استحکام سمیت بعض مثبت اطلاعات زیرگردش ہیں جس کی وجہ سے دوراندیش سرمایہ کار مخصوص شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں لیکن طویل المدت سرمایہ کاری کا تاحال فقدان ہے اورعمومی سرمایہ کارمختصرالمدت سرمایہ کاری کرتے ہوئے فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب کیے ہوئے ہیں۔

تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس122.65 پوائنٹس کے اضافے سے 33080.40 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس39.71 پوائنٹس کے اضافے سے 19374.22 پوائنٹس، کے ایم آئی30 انڈیکس69.82 پوائنٹس کے اضافے سے57646.52 پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شیئرانڈیکس23.71 پوائنٹس کے اضافے سے 15517.70 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 20.44 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر17 کروڑ28 لاکھ26 ہزار710 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروبار343 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں171 کے بھاؤ میں اضافہ، 147 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story