ن لیگ حکمرانی کا اخلاقی جواز کھو چکی بلاول بھٹو

بینظیر نے مشرف کو یونیفام سے محروم کیا،زرداری نے ایوان صدر سے نکالا،موجودہ حکومت نے آزاد کردیا،چیئرمین پیپلزپارٹی


Numainda Express March 19, 2016
سابق صدر واپس آئے توان کی عزت بڑھے گی،اعتزازاحسن،حکومت عدالتی فیصلوں کے پیچھے چھپنے کی روایت رکھتی ہے، سعید غنی فوٹو؛ فائل

پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق صدرپرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف مظاہرے کیے گئے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف کے فرار میں سہولت مہیاکرکے اخلاقی طور پر حکمرانی کا اختیار کھو دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلاول کی ہدایت پرپیپلزپارٹی کی جانب سے مشرف کوبیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا اورکارکنوں نے ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی، اس موقع پر مشرف، نواز مک مکا نا منظور، گو نواز گو اور نواز شریف استعفیٰ دو،کے نعرے بھی لگائے گئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ مشرف بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی کے قتل میں نامزد ملزم ہیں۔

انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے کروزیراعظم نواز شریف حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پیپلزپارٹی پشین کی جانب سے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جمعے کو سوشل میڈیا پراپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے پرویز مشرف کو اس کی اصل طاقت یونیفارم سے محروم کیا تھا،آصف زرداری نے اس کوایوان صدرسے باہر نکالا، موجودہ حکومت نے اسے آزاد کردیا۔ایک نجی ٹی وی کوانٹرویو میں پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹراعتزاز احسن نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ہرگز نہیں کہا کہ مشرف کو بیرون ملک جانے دیا جائے۔

باہر جانے کی اجازت دینا یا نہ دینا حکومت کا اختیار تھا،مشرف واپس آئے توان کی عزت بڑھے گی،ان کاصرف واپس آناہی کافی نہیں بلکہ عدالتوں کاسامنا کرنابھی ضروری ہے،مشرف ہشاش بشاش دبئی پہنچے،نواز شریف کے ارد گردہواکے بھرے غبارے ہیں،انھیں اپنی ٹیم بدلنی چاہیے۔پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعیدغنی نے کہاہے کہ نواز حکومت عدالتی فیصلوں کے پیچھے چھپنے کی روایت رکھتی ہے،پرویزمشرف کو بھی اسی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ملک سے فرارہونے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔انھوں نے کہاکہ وفاق کاہرادارہ سندھ حکومت کے کام میں مداخلت کررہاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں