خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں سے تباہی کے باعث 34 افراد جاں بحق

لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے


ویب ڈیسک March 19, 2016
آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں کے باعث تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مکانات تباہ اور 34 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ متاثرہ علاقوں میں فوج نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔



خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مختلف علاقوں میں حادثات بھی ہوئے،چھتیں، دیواریں اور تودے گرنے سے 34 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات تباہ، متعدد رابطہ سڑکیں بند ، زمینی رابطے منقطع ہوگئے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کئی علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی، پاک فوج نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں،



بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر اور کے پی کے میں بارشوں کے دوران انسانی جانوں کے نقصان پر انتہائی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، کرم ایجنسی کے علاقے پاڑہ چمکنی گندل میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے، لوئر دیر میں تیمرگرہ کے نواحی علاقے تیمر ڈھیرئی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد میں باپ ،2 بیٹے، ایک بیٹی اور سالی شامل ہے، بدقسمت خاندان کا تعلق افغانستان سے ہے، صوابی کے تحصیل ہیڈکوارٹر ٹوپی میں چھت گرنے سے 14سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی، ٹنڈیل بٹ خیلہ میں چھت گرنے سے ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق اور اس کے ماں باپ زخمی ہوگئے، بشام میں بارش کے دوران پھسلن سے سوزوکی وین کھائی میں گرنے سے 4 افراد شدید زخمی ہو گئے،خیبر ایجنسی کیتحصیل باڑہ میں مسجدکی چھت کا ایک حصہ منہدم ہونے سے 2 افراد زخمی ہوگئے، خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے صدوخیل میں دیوار گرنے سے 4 بچے شدید زخمی ہو گئے، شدید بارش کے باعث کڑاکڑ پہاڑی سے پتھر گرنے سے بونیر سوات روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلیے بند ہوگیا، سوات میں چوتھے روز بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا،



لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیرز گرنے سے مینگورہ کالام شاہراہ بند ہونے سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، کمرخیل باڑہ میں بارشوں سے 3 مکانوں کی چھتیں گر گئیں، شانگلہ میں اب تک30 سے زائد مکانات منہدم ہو چکے ہیں،مانکیال اور گوریت کے مقام پر سلائیڈنگ سے کالام روڈ دوسرے دن بھی بند رہا، شاہراہ قراقرم ہائے وے سمیت سوات بشام شاہراہ، کالام تا اتروڈ روڈ بھی بند ہے، آزاد کشمیر کے شہر مظفر آباد کے محلے طارق آباد میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق ، 4 افراد زخمی ہوگئے، مظفر آباد کے نواحی گائوں سرلی سچہ میں پہاڑی تودہ ایک گھر پر آ گرا جس سے میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، ضلع باغ کے نواحی گاؤں اوچھاڑ میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ایک گھر گر گیا جس سے میاں بیوی جاں بحق، ان کی 4 بیٹیاں زخمی ہو گئیں، راولا کوٹ کے علاقے حویلی میں بھی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے، راولا کوٹ کے ہی چغاڑ گائوں میں چھت گرنے سے 2 خواتین دم توڑ گئیں، پونچھ میں ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا، سیدپور نالے میں 3خواتین بہہ گئیں، ایک کی لاش بٹل سے مل گئی، ایک لاپتہ جبکہ ایک شدید زخمی ہے، تیز بارش کے دوران سڑک پر پھسلن سے

مظفرآباد اور نیلم میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔



آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں گھر تباہ ہو گئے، مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم، شاہراہ جہلم ، کوہالہ روڈ، آٹھ مقام ، پٹہکہ شاہراہ، مظفر آباد راولپنڈی روڈ اور مظفرآباد سری نگر شاہراہ سمیت متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ ہڈا ہاری نالے میں طغیانی کے باعث پانی بائی پاس بازار کی دکانوں میں داخل ہونے سے تاجروں کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان ضائع ہو گیا۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج نے آزاد کشمیر کے لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کر کے ملبے تلے دبے متعدد افراد کو نکال لیا جبکہ سڑکیں کھولنے کیلیے پاک فوج کے جوانوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر کے کئی راستے کھول دیے، ملتان کے علاقے بند بوسن سمیت نواحی علاقوں میں گزشتہ روز شدید ژالہ باری اور بارش ہوئی جو تقریباً آدھ گھنٹہ جاری رہی، اس دوران گندم، آم اور اسٹرابری کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، لوگوں نے اذانیں دینا شروع کر دیں، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت بالائی پنجاب، اسلام آباد ، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش، کالام اور استور میں برفباری ہوئی۔



محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، فاٹا، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |