پاکستان ورلڈکپ میچز میں بھارت سے ہارنے کی روایت نہ توڑ سکا

ویرات کوہلی نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

بھارت کی جانب سے ایشون، جڈیجا، اشیش نہرا، پانڈیا اور رائنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو: آئی سی سی

پاکستان ورلڈکپ میچز میں بھارت سے ہارنے کی روایت نہ توڑ سکا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بڑے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔



بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلیے 119 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انڈین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، 14 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے روہت کو 10 رنز پر پویلین بھیجا جب کہ محمد سمیع نے پانچویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر دھون کو 6 اور رائنا کو صفر پر بولڈ کیا۔ ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے چوتھی وکٹ کیلیے 61 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، یووراج 23 گیندوں پر 24 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی 36 گیندوں پر 55 رنز اور ایم ایس دھونی 13 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 2، وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



اس سے قبل بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم نے مقررہ 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔ شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان 24 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ دوسری وکٹ احمد شہزاد کی صورت میں گری وہ 27 گیندوں پر 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے کپتان شاہد آفریدی بھی اسکور کرنے میں ناکام رہے وہ 14 گیندوں پر 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلیے 41 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، عمر اکمل 16 گیندوں پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرفراز احمد 8 اور محمد حفیظ 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے ایشون، جڈیجا، اشیش نہرا، پانڈیا اور رائنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔




میچ کے بعد بات کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن بھارت نے پریشر میں بہت اچھا کھیلا، اب ہمیں شکست کو بھلا کر اگلے میچز پر فوکس کرنا ہے۔



دوسری جانب پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 2 رنز سے شکست دے دی۔ نئی دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کی جانب سے دیئے گئے 97 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16 اوورز میں 77 رنز بنائے تاہم بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔ جس کے بعد بارش مقررہ وقت تک نہ رکنے پر میچ آفیشلز نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔ پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ناہیدہ خان نے 14،منیبہ علی نے 12 اور ارم جاوید نے 10 رنز بنائے۔



پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 96 رنز بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے انعم امین نے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جب کہ اسماویہ اقبال ، ثنا میر، ندا ڈار اور سعدیہ یوسف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اپنی بہترین بولنگ کے باعث پاکستان کی انعم امین کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Load Next Story