نواز حکومت پہلے بے اختیار تھی اب بے چین بھی رہے گی مولا بخش چانڈیو

ابھی جو میچ چل رہا ہے ہم ہی جیتیں گے ہم وکٹیں بھی گرائیں گے اور چھکے چوکے بھی لگائیں گے ، مشیر اطلاعات سندھ

نواز شریف نے سابق صدر پرویز مشرف کے معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی مولا بخش چانڈیو فوٹو : فائل

مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے کر جمہوریت کو کمزور کردیا ہے اور پہلے وہ بے اختیار تھی لیکن اب وہ بے چین بھی رہے گی ۔


حیدر آباد میں پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے دینے کے خلاف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے سابق صدر پرویز مشرف کے معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے کر جمہوریت کو کمزور کردیا ہے ۔حکومت پہلے بے اختیار تھی اب بے چین بھی رہے گی۔ عوام کو فرمائشی نہیں جمہوری حکومت چاہئے، نواز حکومت کا ہنی مون کا زمانہ ختم ہوگیا ہے ۔ اب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گو نواز گو کا نعرہ لگا دیا ہے، اب ہم اسی جماعت کا ساتھ دیں گے جو جمہوری روایات کو مضبوط کرے گی ۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کی اصطلاح بہت استعمال کرتے ہیں، تو وہ ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ اب جو میچ چل رہا ہے وہ ہم ہی جیتیں گے ہم وکٹیں بھی گرائیں گے اور چھکے چوکے بھی لگائیں گے۔
Load Next Story