بالی ووڈ میں میرا کام سب کو حیران کر دیگا ساشا آغا

پاکستان کےنوجوان فلم میکرزکو فلم کی کامیابی کے لیے فلم کے میوزک پرخاص توجہ دینا ہوگی، ساشا آغا


Qaiser Iftikhar March 20, 2016
پاکستان میں میوزک کے شعبے میں بہت بڑے نام موجود ہیں جن کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا بے حد ضروری ہے، ساشا آغا فوٹو: فائل

لاہور: معروف اداکارہ وگلوکارہ سلمیٰ آغا کی صاحبزادی اداکارہ و ماڈل ساشا آغا نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں میں چیلنجنگ کردار کرنا میری اولین خواہش ہے۔

منفرد موضوع پر بننے والی فلم میں مشکل کردار آفرہوا توپہلی فرصت میں یہاں کام کرنے کے لیے آؤں گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ میرا پاکستان سے گہرا رشتہ ہے۔ میری والدہ نے پاکستان فلم انڈسٹری میں بہت سا کام کیا اور بہت سی یادگار فلموں میں ایسے انوکھے کردار نبھائے، جن کو لوگ آج بھی یادکرتے ہیں۔ میں بھی اپنی والدہ کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ایسے ہی اچھوتے کرداروں کی منتظر ہوں جو ایک فنکارکی پہچان بنتے ہیں۔

میں اس وقت دنیا کی دوسری بڑی فلم انڈسٹری بالی وڈ میں کام کررہی ہوں اورآنے والے دنوں میں میرا کچھ نیا کام شائقین کے سامنے ہوگا ، جوسب کوحیران کردے گا۔ میں اس کی تفصیلات معاہدہ کی وجہ سے فی الحال نہیں بتا سکتی، لیکن اتنا ضرور جانتی ہوں کہ میری نئی فلم میری پہچان بنے گی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دو،تین برسوں میں پاکستان میں بھی فلمسازی کا شعبہ خاصا بہترہواہے۔ فارمولا فلموں کی جگہ اب نوجوان فلم میکرز نئے آئیڈیاز پرکام کرتے ہوئے تجربات کررہے ہیں جوکہ بہت ضروری ہیں۔ اسی طرح ایک نئی راہ پرچلا جاسکتا ہے۔ لیکن ایک بات جوبہت تکلیف دہ ہے کہ اب پاکستانی فلموں سے میوزک دور ہورہاہے۔

ایک دورتھا جب پاکستانی فلموں کی کامیابی میں میوزک کا کردارسب سے نمایاں ہوتا تھا لیکن اب اس پر توجہ نہیں دی جارہی ۔ اگرپاکستان کے نوجوان فلم میکرز اپنی فلموں کو کامیابی کی بلندیوں تک لیجانا چاہتے ہیں توان کوفلم کے میوزک پرخاص توجہ دینا ہوگی۔ کیونکہ موجودہ دورمیں فلم کی پروموشن کے لیے میوزک کا سہارا سب سے اہم ہوتا ہے جب کہ پاکستان میں اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ پاکستان میں میوزک کے شعبے میں بہت بڑے نام موجود ہیں جن کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا بے حد ضروری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں