پریزیڈنٹ ٹرافی سوئی ناردرن نے یوبی ایل کو شکست دے دی

پورٹ قاسم کیخلاف واپڈانے21 پر 2 وکٹیں گنوا دیں،زرعی ترقیاتی بینک کے خلاف پی آئی اے فتح کی راہ پر گامزن ہے۔


Sports Desk November 11, 2012
پریزیڈنٹ ٹرافی میں نیشنل بینک کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف کامیابی حاصل کی، فوٹو: اے ایف پی/ فائل

KARACHI: پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سوئی ناردرن گیس نے یوبی ایل کو اننگز اور 216رنز سے شکست دے دی، اسد علی نے7کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

نیشنل بینک کی ٹیم اسٹیٹ بینک کیخلاف اننگز اور 31رنز سے کامیابی حاصل کی،فاتح ٹیم کے وہاب ریاض نے دوسری باری میں 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے میچ میں 10 شکار مکمل کرلیے، حبیب بینک نے کے آر ایل کے مقابل 8وکٹ پر 350رنز بناکر 258 رنز کی سبقت حاصل کرلی، عمران فرحت نے سنچری داغی جبکہ تجربہ کار یونس خان ، احمد شہزاد اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں بنائیں، پورٹ قاسم کیخلاف فتح کیلیے 118 کا ہدف پانے والی واپڈا کی ٹیم نے21 پر 2 وکٹیں گنوا دیں،زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف پی آئی اے فتح کی راہ پر گامزن ہے۔

192 کا تعاقب کرنے والی ٹیم نے4وکٹ پر 104رنز بناکر آدھا سفر طے کرلیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں سوئی ناردرن گیس نے واحد اننگز 5وکٹ 455 پر ختم کرنے کا اعلان کیا، پہلی اننگز میں 165رنز کی مہمان ثابت ہونے والی بینک کی ٹیم کیلیے دوسری باری میں290رنز کا خسارہ تھا، بڑے مجموعے کو دیکھ کر اس نے بغیر کوئی مزاحمت کیے16.3 اوورز میں 74 پر ہتھیار ڈال دیے، فیصل اطہر نے28 اور شبیراحمد نے 15رنز ناٹ آئوٹ بنائے، اوپنر فہیم قریشی 10رنز کے ساتھ دہرے ہندسے میں داخل ہونے والے تیسرے پلیئر بنے، اسد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8اوورز میں 42رنز دے کر7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، سمیع اللہ خان کے حصے میں 2وکٹیں آئیں۔ نیشنل بینک نے اسٹیٹ بینک کیخلاف اننگز اور 31رنز سے کامیابی حاصل کی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فالوآن کا شکار ایس بی پی کی ٹیم 45.2 اوورز میں 137 پر ہمت ہارگئی، محتشم علی 28، عدنان رئیس21 اور فرحان خان 20رنز کے ساتھ نمایاں رہے، وہاب ریاض نے 34رنز دے کر3 پلیئرز کو آئوٹ کیا اور میچ میں وکٹوں کی تعداد 10 کرلی، حماد اعظم نے13رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، عمران خان اور عذیرالحق نے 2،2 وکٹیں لیں۔حبیب بینک نے ٹاپ آرڈر کے پرفارم کرنے کے بعد کے آر ایل کی نفسیاتی برتری ختم کردی، ٹیم نے 8وکٹ پر 350رنز بناکر 258کی سبقت حاصل کی، عمران فرحت نے 16چوکوں کی مدد سے 91 گیندوں پر 102 کی اننگز کھیلی، احمد شہزاد بھی 75رنز بنانے میں کامیاب رہے، سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے 58رنز بناکر اپنے فارم میں ہونے کا ثبوت پیش کردیا، نوجوان بیٹسمین اسد شفیق68 پر ناقابل شکست ہیں۔

خان ریسرچ لیبارٹریز کی جانب سے نعمان علی سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، انھوں نے 68رنز کے عوض3وکٹیں اپنے نام کیں، سعید انور جونیئر اور علی خان نے 2،2 کھلاڑیوں کوٹھکانے لگایا۔پورٹ قاسم سے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم پرجاری میچ میں واپڈا کو کامیابی کے لیے118 کا آسان ہدف ملا تاہم دن کے اختتام پر 21رنز پر2کھلاڑی آئوٹ ہوچکے ہیں، اس سے قبل 56رنز کے خسارے میں جانے والی پورٹ قاسم کی ٹیم دوسری باری میں 173 پر آئوٹ ہوگئی، ذوالفقار بابر نے 40رنز دیکر5 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے، احمد جمال نے3وکٹوں کیلیے 63رنز دیے، محمد سلمان 36، عمرامین26 اورخرم منظور25رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے۔

واپڈا کی پہلی باری 271 پر تمام ہوئی، اعظم حسین نے 4وکٹیں لیں۔اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف پی آئی اے فتح کی راہ پر گامزن ہے، 192 کا تعاقب کرنے والی ٹیم نے 4وکٹ پر 104رنز بناکر آدھا سفر طے کرلیا، فیصل اقبال 22 اور شعیب ملک 5رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کپتان کامران ساجد37رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، اس سے قبل زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم دوسری باری میں 42.1 اوورز میں 131رنز پر ڈھیر ہوگئی، اعزاز چیمہ نے 4 اور انور علی نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، عاطف اشرف 28اور سہیل تنویر31رنز بناکر نمایاں رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں