مری میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی سیکڑوں مکانات تباہ

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے، شاہراہ کشمیر بھی ٹریفک کیلئے بند


ویب ڈیسک March 20, 2016
صوبائی حکومت نے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ملکہ کوہسار میں گزشتہ ایک ہفتے سے ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے جس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں مکانات تباہ جب کہ بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مری میں ہونے والی بارشوں کے باعث ہونے والی خوفناک لینڈ سلائیڈنگ نے مضافاتی علاقوں میں تباہی مچادی ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سیکڑوں مکانات تباہ جب کہ لوگوں کا کروڑوں روپے مالیت کا سامان ناکارہ ہو گیا ہے۔ مری کے جو علاقے لینڈ سلائیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ان میں یونین کونسل پھگواڑی، سیر بگلا، پوٹھا اور گہل شامل ہیں، درجنوں دیہات زمیں بوس ہونے کے باعث بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں اور سرد موسم میں کھلے آسمان تلے بے یارومددگار پڑے ہیں۔

صوبائی وزیر افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ اداروں کے سربراہان کے ہمراہ مری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نقصانات کا ازالہ کرنے کے لئے کمیٹی بھی قائم کردی جو 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کمیٹی کی رپورٹ کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت نقصانات کا ازالہ کرے گی۔

دوسری جانب وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شاہراہ کشمیر کوہالہ کے مقام سے بند ہے جب کہ درجنوں مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد دیہاتوں کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔