اسپین میں یونیورسٹی کی بس الٹنے سے 14 طالب علم ہلاک 30 زخمی

طلبہ میں سے بیشتر کا تعلق برطانیہ، ترکی، ناروے اور سوئٹزر لینڈ سے ہے، مقامی انتظامیہ


ویب ڈیسک March 20, 2016
بس بارسلونا اور ویلنسیا کے درمیان واقع ساحلی شہر فریگنالس کے قریب ایک کار سے ٹکرا کر الٹی۔ فوٹو: اے ایف پی

اسپین میں یونیورسٹی کی بس الٹنے سے 14 طالبعلم ہلاک جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ادارے کے مطابق اسپین کی مشہور درسگاہ بارسلونا یونیورسٹی کے طالب علم فرانس اور اسپین کی سرحد پر منعقد ہونے والا سالانہ آتش بازی کا مقابلہ دیکھ کر واپس آرہے تھے کہ ان کی بس بارسلونا اور ویلنسیا کے درمیان صوبے کیٹالونیہ کے ساحلی شہر فریگنالس کے قریب ایک کار سے ٹکرا کر الٹ گئی اور تیزرفتاری کے باعث شاہراہ پر قلابازیاں کھاتی ہوئی سڑک کنارے جا پہنچی جس کے باعث بس میں سوار 14 طالبعلم ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔

اسپین کے شمال مشرقی صوبے کے حکام کے مطابق اتوار کی صبح فرانس اوراسپین کو جوڑنے والی ہائی وے پر بحرِ اوقیانوس کے ساحل پر واقع شہر فریگنالس کے قریب یہ حادثہ پیش آیا ہے جو بارسلونا اور ویلنسیا کے درمیان واقع ہے۔



کیٹالونیہ کی ترجمان جورڈی جین کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت بس میں یونیورسٹی کے طلبہ سمیت 60 افراد سوار تھے۔ 22 سے 29 سال کی عمر کے طلبہ و طالبات میں سے بیشتر کا تعلق برطانیہ، ترکی، ناروے اور سوئٹزر لینڈ سے تھا۔ حادثے میں اب تک 14 طلبہ ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 30 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں