گمراہ کن اشتہارات پرجوس کمپنیوں کیخلاف کارروائی

مختلف جوس برانڈزکے100فیصدخالص ہونے کے دعوے پرمسابقتی کمیشن میںسماعت


ایکسپریس July 20, 2012
مختلف جوس برانڈزکے100فیصدخالص ہونے کے دعوے پرمسابقتی کمیشن میںسماعت۔ فائل فوٹو

مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے منافع بٹورنے والی جوس کمپنیوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے، مختلف برانڈز کے فروٹ جوس بنانے والی کمپنیاں اشتہارات اور پیکنگ میں جوس کے 100فیصد خالص ہونے کا دعویٰ کررہی ہیں جبکہ ان ہی کمپنیوں کے برانڈ پر درج اجزا میں اضافی ذائقے موجود ہیں

مٹھاس اور ترشی شامل ہونے کا ثبوت بھی درج ہے۔ مسابقتی کمیشن نے عوام کو گمراہ کرکے غلط دعوے کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے، اس سلسلے میں مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن راحت کونین حسن اور شہزاد عنصر پر مشتمل بینچ نے الہلال انڈسٹریز کے خلاف مقدمے کی سماعت کی، اس سے قبل کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جاچکا ہے، کمپنی نے سماعت کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ جوس100فیصد خالص نہیں ہے اور جوس میں پانی سمیت اضافی وٹامن سی اور ترشی شامل کی جاتی ہے،

کمپنی نے رضاکارانہ طور پر 100فیصد خالص ہونے کا دعویٰ اشتہارات اور پیکنگ سے ہٹانے کی تحریری یقین دہانی کراتے ہوئے حلف نامہ پیش کیا۔ ایک اور کارروائی میں سکس بی فوڈ انڈسٹریز نامی کمپنی کو VIVOجوس کے خالص ہونے کے بارے میں وراننگ دی گئی، کمپنی اشتہارات میں اپنی پراڈکٹ کے 100فیصد خالص ہونے کا دعویٰ کر رہی تھی تاہم پراڈکٹ کے لیبل پر ہی اضافی اجزا شامل ہونے کی تفصیل درج ہے،

کمپنی نے سماعت کے دوران اعتراف کیا کہ جوس میں وٹامن سی، مصنوعی ذائقہ، ترشی اور فوڈ کلرز استعمال کیے گئے ہیں، کمپنی نے رضاکارانہ طور پر اشتہارات سے 100فیصد خالص ہونے کا دعویٰ خارج کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی۔ مسابقتی کمیشن نے جوس بنانے والی تمام کمپنیوں کو وارننگ دی ہے کہ اشتہارات میں مبالغہ اور حقائق کے برخلاف دعوے درج کرنے سے اجتناب کریں اور صرف وہ ہی دعویٰ کریں جو فروخت کر سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں