کراچی میں رنگ بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کرلی

آگ پر قابو پانے کے لیے 8 فائر ٹینڈر اور واٹر باؤزرکام کررہے ہیں، فائر بریگیڈ حکام

دھواں بھر جانے سے ایک ملازم تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل ، فائر بریگیڈ حکام فوٹو: فائل

KARACHI:
سائٹ ایریا میں رنگ بنانے والی فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

کراچی کے صنعتی علاقے سائیٹ میں رنگ بنانے والی کمپنی کے زیر زمین گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فیکٹری کی انتظامیہ نے فوری طور پر آگ کو بڑھنے سے بچانے اور ملازمین کو نکالنے کے لیے اقدامات شروع کردیے، جس کے نتیجے میں ملازمین کو محفوظ طریقے سے متاثرہ مقام سے نکال لیا گیا لیکن آگ پر قابو نہ پایا جاسکا۔


واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی لیکن وہاں موجود کیمیائی مواد کی وجہ سے آگ کی شدت اور دھوئیں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے مزید فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں دھویں کے باعث فیکٹری کے ایک ملازم کو حالت غیر ہونے پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم اس کے علاوہ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اس وقت 8 گاڑیاں اور ایک برازر آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہے ، اس کے علاوہ شہر بھر میں موجود فائر بریگیڈ کے عملے کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
Load Next Story