ایم کیو ایم کے رہنما شاہد پاشا 90 روز کے لئے رینجرز کے حوالے

شاہد پاشا کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیو ایم مخالف ہے، ندیم نصرف


ویب ڈیسک March 21, 2016
شاہد پاشا کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیو ایم مخالف ہے، ندیم نصرف. فوٹو: فائل

انسدا دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما شاہد پاشا کو 90 روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے ایم کیو ایم رہنما شاہد پاشا کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جب کہ اس موقع پر رینجرز کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش کے لئے اسے 90 روز کے لئے تحویل میں دیا جائے۔ عدالت نے رینجرز کی درخواست منظور کرتے ہوئے شاہد پاشا کو 90 روزہ ریمانڈر پر رینجرز کے حوالے کردیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علی الصبح گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا کو حراست میں لیا جب کہ ایم کیو ایم ترجمان واسع جلیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں شاہد پاشا کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ انہیں رینجرز اہلکاروں نے گلستان جوہر میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لیا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم نے شاہد پاشا کی گرفتاری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا اور درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 21 مارچ کی صبح قانون نافذ کرنے والے ادارے شاہد پاشا کو گھر سے گرفتار کرکے لے گئے اور سیکیورٹی اداروں نے نہ گرفتاری ظاہرکی اور نہ ہی ان سے ملنے دیا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم اعلامیہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رینجرز اہلکاروں نے بغیر وارنٹ کے شاہد پاشا کے گھر پر چھاپہ مارا، گھر کی تلاشی لی اورانہیں اپنے ساتھ لے گئے۔



ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ندیم نصرت نے شاہد پاشا کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شاہد پاشا کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیو ایم کے خلاف ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں