سندھ کی جنگ عدالت نہیں سیاسی میدان میں لڑیں گے

پی پی نے ہمیشہ قوم پرستوں کے کندھوں پر سیاست کی، اب ایسا نہیں ہونے دینگے، جلال شاہ.


Nama Nigar November 11, 2012
ٹنڈو الہیار میںسندھ بچائو کمیٹی کا جلسہ، ایاز پلیجو، قادر مگسی، خالد سومرو و دیگرکا خطاب

سندھ بچاؤ کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سندھ کی جنگ عدالت نہیں سیاسی میدان میں لڑیں گے، پی پی کو اب قوم پرستوں کا کاندھا استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔

ٹنڈوالہیار میں نصر پور روڈ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر و سندھ بچاؤ کمیٹی کے کنوینر سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی ملک توڑ چکی ہے اور اب دوبارہ ملک توڑنا چاہتی ہے، لیکن عوام سندھ تقسیم کر کے ملک توڑنے نہیں دینگے۔ جو بھی دُہرے بلدیاتی نظام کا حامی ہے وہ غدار ہے اور جو مخالف ہے وہ سندھ کا بیٹا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قوم پرستوں کے کندھوں پر چڑھ کر سیاست کی ہے لیکن انہیں اب ایسا نہیں کرنے دینگے۔عوامی تحریک کے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ صدارت، وزارت عظمیٰ، سینیٹ کی چیئرمین شپ، وزارتیں سب لے لو لیکن سندھ دھرتی کا ایک انچ بھی نہیں لینے دینگے۔ انھوں نے کہا کہ گیس گلشن اقبال اور پانی ناظم آباد کے کنو ئوں سے نہیں آتا ، گیس کندھ کوٹ، پٹرول تھانہ بولا خان اور پانی کینجھر جھیل سے آتا ہے۔

اگر سندھ تقسیم ہوا تو پانی، گیس پٹرول سب بند ہو جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ پی پی نے لیفٹ بینک کے واٹر کورس اور تالاب الٹے چلوا کر پورے سندھ کو ڈبو دیا۔ منظم سازش کے تحت کراچی کی دہشتگردی کو حیدرآباد لایا گیا ہے۔لیکن کسی میں ہمت نہیں کہ 6 کروڑ لوگوں کو شکست دے سکے۔ ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ کو توڑنے کا حق کسی کو نہیں دینگے۔ سندھ کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے ٹکڑے چوراہوں پرلٹکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جسم میں خون کو آخری قطرہ باقی ہے بلدیاتی نظام کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔سندھ کی جنگ کسی عدالت میں نہیں سیاسی میدان میں لڑیں گے۔ جے یو آئی کے خالد محمود سومرو نے کہا کہ ہمیں صرف وہ پاکستان چاہیے۔

جس میں دہشتگردی،بد امنی،لوٹ مار نہ ہو، بلکہ امن و انصاف ہو، انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو امریکا کی کالونی اور عوام کو اس کا غلام بنا دیا ہے، لیکن ہم یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اس ملک کو امریکا کا مزید غلام نہیں بننے دیں گے ملالہ پر حملہ ڈرامہ ہے، سندھ میں کتنے بے گناہ مررہے ہیں جو حکمرانوں کو نظر نہیں آتے۔ مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر عباسی نے کہا کہ سندھ دھرتی کیلیے جب تک متحد نہیں ہونگے، جنگ نہیں جیت سکتے۔ یہ دھرتی ہماری ماں ہے، ہم اس کی حفاظت کریں گے چاہے اس کیلیے کچھ بھی قربان کیوں نہ کرنا پڑے۔جلسہ سے ابرار قاضی، نظیر جان، سندھ ہاری کمیٹی کے اظہر جتوئی، نجف لغاری، کامریڈ حسین بخش تھیبو، قمر بھٹی، الطاف جسکانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں