دفاعی نمائش نوجوان اسلحے کے ساتھ تصاویر بنوانے میں مصروف

اسٹالز پررکھے ہتھیاربھی ماڈلنگ کا ذریعہ بن گئے،غیرملکی مندوبین کی آمدورفت متاثر،عوام کو اب تک شرکت کی اجازت نہیں ملی.


Business Reporter November 11, 2012
دفاعی نمائش میں ایک بچی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ پاکستانی جنگی جہاز کا ماڈل انہماک سے دیکھ رہی ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کے ایونٹ منیجر کی جانب سے لاتعداد کارپوریٹ پاسز جاری کیے جانے کے سبب حساس نوعیت کی دفاعی نمائش فیملی فیسٹیول بن کر رہ گئی ہے۔

اسلحے کے شوقین نوجوان لڑکے لڑکیوں اور افسران کے اہل خانہ کی بھرمار نمائش میں حصہ لینے والی غیرملکی کمپنیوں کے لیے دردسر بن گئی ہے، نمائش کے دوسرے روز سے ہی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نمائش میں شریک ہے اور جگہ جگہ اسلحے کے ساتھ فوٹوسیشن جاری ہے جس سے نہ صرف نمائش میں غیرملکی مندوبین کی آمدورفت متاثر ہورہی ہے بلکہ اسٹالز پررکھے گئے ہتھیاروں کی دیکھ بھال بھی مسئلہ بنی ہوئی ہے، نوجوانوں کی بڑی تعداد جنگی جہازوں، ٹینک، بکتر بند گاڑیوں پر کھڑے ہوکر تصاویر بنوارہے ہیں جبکہ اسٹالز پر رکھے ہوئے ہتھیار بھی ماڈلنگ کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں، صورتحال سے تنگ آکر غیرملکی کمپنیوں نے اسٹالز سے اپنے ہتھیار اور آلات ہٹانے شروع کردیے ہیں، بہت سے اسٹالز پر منچلوں کے ہاتھوں ہتھیاروں کے زمین پر گرنے اور غلط طریقے سے لوڈ اور فائر کرنے سے بھی اسٹالز ہولڈر شدید مضطرب نظر آئے۔

نمائش میں شرکت کے لیے جانے والے طلبا کو چوتھے روز بھی داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، نمائش میں سویلین کا داخلہ بند ہونے کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں فیملیز کے ہمراہ شیرخوار اور نوزائیدہ بچوں کے ہمراہ شرکت پر ملکی کمپنیوں کے ساتھ غیرملکی کمپنیوں کے نمائندے بھی حیرت میں مبتلا ہیں، ایک غیرملکی کمپنی کے نمائندے کے مطابق دنیا بھر میں دفاعی نمائشیں 2سے 3روز کے لیے منعقد کی جاتی ہیں جہاں انتہائی سنجیدہ اور پروفیشنل ماحول میں کمپنیوں کو ایک دوسرے کی مصنوعات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے اور بزنس ڈیل کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں ہونے والی نمائش اس کے بالکل برعکس ہے۔

ادھر نمائش کے منتظمین نے ایک ہفتے تک بدترین ٹریفک جام اور اہم ترین سڑکوںکی بندش کے دوران اذیت کا شکار ہونے کے باوجود عوام کو شرکت کا موقع دیے بغیر نمائش اتوار کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، منتظمین کے مطابق نمائش کی اختتامی تقریب 3بجے سہ پہر منعقد ہوگی جس میں وزیر دفاعی پیداوار؍سیکریٹری پیداوار اختتامی کلمات ادا کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |