ایم کیوایم نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا تھا جس سے مجھے چوہدری نثار نے آگاہ کیا عمران خان

ایم کیوایم نے مجھے مروانے کیلیے فاٹا کے گروپ کو پیسے دیئے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف


ویب ڈیسک March 21, 2016
چوہدری نثار نے بتایا کہ ایم کیوایم نے مجھے مروانے کیلیے فاٹا کے گروپ کو پیسے دیئے، چیئرمین پی ٹی آئی، فوٹو؛ فائل

PESHAWAR: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ 2 سال قبل چوہدری نثار نے مجھے بتایا تھا کہ ایم کیو ایم نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے اور اس کام کے لیے فاٹا کے کسی قبائلی گروپ کو پیسے دیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز پروگرام ''تکرار'' میں میزبان عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ 2 سال قبل چوہدری نثار نے مجھے ہدایت کی تھی کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے اور آپ احتیاط کریں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس کام کے لیے فاٹا میں کسی قبائلی گروپ کو پیسے دیئے گئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے ایم کیوایم کے قائد کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ لندن میں بیٹھ کر لوگوں کے جینے مرنے کے فیصلے کرتے ہیں جب کہ ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کی رہنما زہرا شاہد کو بھی قتل کیا اور ہمارے کارکنوں کو بھی قتل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اسپانسرڈ دہشت گردوں نے تباہی مچا رکھی ہے جب کہ وزارت داخلہ نے بھی کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' پاکستان میں دہشت گردی کرروارہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال جو باتیں کررہے ہیں وہ میں 9 سال سے کرتا آرہا ہوں جب کہ مصطفیٰ کمال کے بتائے ہوئے دہشت گردوں کو پکڑنا چاہیے۔

دوسری جانب پروگرام کے اینکر عمران خان کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوا یم نے مجھ سمیت عمران اسماعیل اور عارف علوی کو مارنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں