انٹر داخلہ کمیٹی اور بینک میں فارم کی فراہمی کیلیے معاہدہ

فارم میزان بینک کی 42 شاخوں پر دستیاب ہونگے،قیمت60روپے مقرر

فارم میزان بینک کی 42 شاخوں پر دستیاب ہونگے،قیمت60روپے مقرر

کراچی کے سرکاری کالجوں میں فرسٹ ایئرکے داخلوں کیلیے قائم مرکزی داخلہ کمیٹی نے داخلہ فارم کی فراہمی کیلیے نجی بینک سے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے، سرکاری کالجوں میں مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت فرسٹ ایئر کے داخلوں کیلیے داخلہ فارم اب شہرکے مختلف علاقوں میں میزان بینک کی قائم42 شاخوں پر دستیاب ہونگے۔


فارم کی قیمت60 روپے مقررکی گئی ہے جبکہ طلبا انہی شاخوں پر داخلہ فارم جمع کراسکیں گے، مرکزی داخلہ کمیٹی متعلقہ بینک کو سروس چارجز کی مد میں12روپے فی فارم ادائیگی کرے گی، اس بات کا فیصلہ جمعرات کو ڈائریکٹر جنرل کالجز اور مرکزی داخلہ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹرکالجز پروفیسر رانی غنی اور ڈائریکٹر فنانس پرویز شیخ سمیت کمیٹی میں شریک متعلقہ کالجوں کے پرنسپلز بھی شریک ہوئے،

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ وطالبات کی آسانی کیلیے داخلہ فارم کے ساتھ میٹرک کی مارک شیٹ جمع کرانی لازمی نہیں ہوگی، طلبا مارک شیٹ نہ ملنے کی صورت میں اپنے ایڈمٹ کارڈ کی فوٹو کاپی داخلہ فارم کے ساتھ منسلک کرسکیں گے، اجلاس کے مطابق فرسٹ ایئر کے داخلوں کا آغاز میٹرک سائنس کے نتائج کے اجرا کے بعد رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ہوگا جس کے بعد ثانوی تعلیمی بورڈ میں داخلہ فارم کی اسکروٹنی اور میرٹ لسٹ تیارکی جائے گی۔
Load Next Story