سندھ حکومت بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کیخلاف بھرپور کارروائی کرے وزیر اعظم

امن کے لیے مر بوط حکمت عملی بنائیں،جرائم پیشہ عناصرکیخلاف ٹارگٹڈآپریشن تیزکیاجائے.

اختلاف رائے اورٹکرائوالگ الگ باتیںہیں،آئندہ نسلوںکامستقبل محفوظ بنانے کیلیے اختلافات بھلاکرشدت پسندی کامقابلہ کرناہوگا،خطاب،گورنر،وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات،امن وامان سے متعلق غور فوٹو: فائل

وزیراعظم راجاپرویزاشرف نے کہاہے کہ سندھ حکومت بھتہ خوروں اورٹارگٹ کلرزکے خلاف بھرپورکارروائی کرے،شہرمیں قیام امن کیلیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے،قومی اداروں میں کوئی ٹکرائوہے نہ ہی کسی کاکسی سے کوئی جھگڑا،اختلاف رائے اورٹکرائوہوناالگ الگ باتیں ہیں،تمام ادارے اپنی آئینی حدودمیںکام کررہے ہیں۔

اختلافات بھلاکرملکی ترقی کیلیے کام کرناہوگا اورپوری قوم کوشدت پسندی کے خلاف متحدہوکرمقابلہ کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کومحفوظ بناسکیں،حکومت اپنے 5 سال مکمل کرکے اقتدارآئینی طریقے سے دوسری منتخب حکومت کومنتقل کرے گی ۔وہ ہفتے کوکراچی میں الحاج فاء موٹرزکے اسمبلنگ پلانٹ، تصویری نمائش کی تقاریب سے خطاب،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے ملاقات میںگفتگوکررہے تھے۔اسمبلنگ پلانٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ جمہوری حکومت کامیابی کے ساتھ اپنی مدت مکمل کررہی ہے۔

ملک میں جمہوریت کا پودا جڑ پکڑرہاہے انھوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو شدت پسندی کے خلاف متحد ہو کر کام کرناہے تاکہ پاکستان کو دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنایاجاسکے،کراچی میں گاڑیوں کیلیے نئے اسمبلنگ پلانٹ کا افتتاح اعزازکی بات ہے، پرائیوٹ سیکٹر نے چین کے ساتھ مل کرملک میں ایک بہترین پروجیکٹ شروع کیاہے،آٹو موبائلزکی مقامی سطح پر تیاری سے گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونگی۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پرفخر ہے ،پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا رشتہ پہاڑوں کی اونچائی سے زیادہ اورسمندر کی گہرائی سے زیادہ گہراہے،پاکستان کے صنعتکار ،بزنس مین ،مزدور اور عوام محنتی اور آگے بڑھنے کی خداداد صلاحیت رکھتے ہیں۔


ہم سب نے ملکر ملک کی بہتری کیلیے سوچنا ہے اسی میں ملک کی بھلائی ،عظمت اور مستقبل ہے۔فیریئرہال میں تصویری نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارایک منتخب حکومت جمہوری طریقے سے اپنے5سال پورے کرے گی ، یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کیونکہ جمہوری ادارے، عدلیہ، میڈیا، فوج اور سول ادارے مضبوط ہونگے تو ہم پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بناسکیں گے،یہ تب ہی ممکن ہے جب جمہوریت کا تسلسل جاری رہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 2013عام انتخابات کا سال ہے۔

ان انتخابات سے نہ صرف جمہوریت کوفروغ حاصل ہوگا بلکہ ایک پائیدار سیاسی نظام کی بنیادپڑجائے گی،جمہوری حکومت کے پانچ سال کی تکمیل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مفاہمتی سیاست کے ویژن کی وجہ سے ممکن ہورہی ہے،اس مفاہمتی پالیسی پر صدرزرداری نے کامیابی سے عمل کیااور اسی سے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا،یہ مفاہمتی پالیسی جمہوریت کے استحکام کا باعث ہے،اس میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، میڈیا حکومت کو اپنا احتساب کرنے پر مجبور کرتاہے،میڈیا اور حکومت عوام کی اجتماعی بہتری کیلیے کام کرتے ہیں،موجودہ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے،پیپلز پارٹی نے میڈیا کی آزادی کیلیے بے شمار قربانیاں دیں، ہم نے سخت تنقید میں بھی تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کئی سالوں سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کررہا ہے لیکن عالمی میڈیا اس کی مناسب کوریج نہیں کررہا،ہمارے 40 ہزار لوگ دہشت گردی کی وجہ سے شہید ہوئے، اربوں ڈالر کا نقصان ہواکسی ملک نے اتنی جانی ومالی قربانیاں نہیں دیں جتنی پاکستان نے دی،یہ دہشت گرد، انتہا پسند ہمارے مشترکہ دشمن ہیں جنھوں نے ہماری روح، ہمارے خوابوں اور ہمارے طرز زندگی کو یرغمال بنانے کی کوشش کی،پاکستان کی ان قربانیوں کااعتراف ہونا چاہیے۔ذرائع کے مطابق گورنرہائوس میںگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباداور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہاہے کہ کراچی میں قیام امن کیلیے وفاقی اورصوبائی حکومتیں مل کر کام کریں گی،ملاقات میں سیاسی صورتحال، کراچی سمیت صوبہ بھر میں قیام امن اور دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کوکراچی میں قیام امن کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کراچی میں امن تباہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف حکومت انتہائی سخت کارروائی کرے گی اورشہر کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،کراچی میں قیام امن ، بھائی چارگی اور رواداری کے فروغ کے لیے سیاسی ومذہبی قوتیں اپنا کردار ادا کریں،قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری ٹارگٹڈآپریشن تیزکریں۔
Load Next Story