23 مارچ كی صبح دن كا آغاز وفاقی دارالحكومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحكومتوں میں 21،21 توپوں كی سلامی سے ہوا، یوم پاكستان كے موقع مسلح افواج نے پاكستان كی فوجی طاقت اور قوت كا شاندار مظاہرہ كیا، مسلح افواج كی پریڈ میں پہلی بار بیلسٹك میزائل''شاہین تھری'' كو بھی نمائش كے لیے پیش كیا گیا، پریڈ كے دوران فلائی پاسٹ میں ایئر فورس كے اواكس''ساب 2000 '' نے بھی حصہ لیا۔
مسلح افواج كی مشتركہ پریڈ كی تقریب میں صدر مملكت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف كمیٹی جنرل راشد محمود، تینوں مسلح افواج كے سربراہان اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر وفاقی وزرا، غیر ملكی سفارت كار اور اعلیٰ عسكری و سول حكام مختلف سیاستدانوں اور عوام نے كثیرتعداد میں شركت كی۔
پریڈ كے مہمان خصوصی صدر مملكت ممنون حسین صدارتی بگھی میں پریڈ گراؤنڈ پہنچے جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج كے سربراہان نے ان كا استقبال كیا۔ تقریب كا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے كیا گیا جس كے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوار ہوكر مسلح افواج كے دستوں كا معائنہ كیا۔ ان كے خطاب سے قبل پریڈ میں پاكستان كی فوجی قوت كا متاثر كن مظاہرہ كیا گیا، پاك فضائیہ كے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ كیا، فلائی پاسٹ كی قیادت فضائیہ كے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے كی، فلائی پاسٹ میں ایف 16، جے ایف 17 اور میراج طیاروں كے علاوہ پاك بحریہ كے نگران طیاروں نے بھی شركت كی، مسلح افواج كے مختلف دستوں نے سلامی كے چبوترے كے سامنے پریڈ كی اور پاك فوج، فضائیہ، بحریہ، فرنٹیئر كور، رینجرز، پولیس، بوائز اسكاؤٹس اورگرلز گائیڈ كے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ كیا اور مہمانِ خصوصی كو سلامی پیش كی۔
پریڈ میں الخالد ٹینك، الضرار ٹینك اور میزائل دستوں نے بھی مہمان خصوصی كو سلامی پیش كی۔ مسلح افواج كی پروقار تقریب میں پاك فوج اور فضائیہ كے ایوی ایشن وِنگ كے ہیلی كاپٹروں اور جنگی جہازوں نے شاندار فلائی پاسٹ كا بھی مظاہرہ كیا۔ چینی ساختہ زیڈ ۔ 10، ایچ ایچ ۔ 1 كوبرا، پوما اور ایم آئی ۔ 17 ہیلی كاپٹرز نے بھی فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔ پاك فضائیہ كے شیردل فارمیشن نے حسب روابت شاندار فضائی كرتب دكھائے جب كہ ایف سولہ اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی فضا میں بھرپور مہارت كا مظاہرہ كیا۔
وفاقی دارالحكومت میں مسلح افواج كی روایتی پریڈ كے موقع پر سخت سیكیورٹی انتظامات كیئے گئے تھے۔ اس موقع پر شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی دوپہر 3 بجے تك بند رہی۔