جامعہ اردو وی سی کی تقرری کیلیے سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے

گلشن کیمپس کی انجمن اساتذہ کی مجلس منتظمہ کا اجلاس،شرکا کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا


ایکسپریس July 20, 2012
گلشن کیمپس کی انجمن اساتذہ کی مجلس منتظمہ کا اجلاس،شرکا کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا

وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن کیمپس کی انجمن اساتذہ کی مجلس منتظمہ کا اجلاس پروفیسر جاوید اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر افتخار احمد طاہری نے اجلاس میں موجود شرکا کو یونیورسٹی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر کے استعفے اور انچارج وائس چانسلر کے طور پر افتخار عارف کی مبینہ تقرری پر تشویش کا اظہار کیا، اساتذہ نے اس صورتحال کو نقصان دہ قرار دیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ساجد جہانگیر اور ڈاکٹر زبیر احمد نے اردو یونیورسٹی کے نمائندہ اساتذہ پر مشتمل وفد کی چانسلر اردو یونیورسٹی صدر مملکت آصف علی زرداری سے بالمشافہ ملاقات پر زور دیا اور مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلیے اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کا اجلاس جلد بلانے کا مطالبہ کیا، ڈاکٹر سارہ اختر نے کہا کہ اردو یونیورسٹی میں قائم مقام وائس چانسلر کا تجربہ بہت بری طرح ناکام رہا ہے، ڈاکٹر سحر زیدی نے تجویز دی چانسلر اردو یونیورسٹی صدر مملکت آصف علی زرداری سے درخواست کی جائے کہ وہ اردو یونیورسٹی کی سینٹ کے اجلاس بلانے کی اجازت دیں اور مستقل وائس چانسلر کو فوری طور پر نامزد کریں،

ڈاکٹر افتخاراحمد طاہری نے کہا کہ انچارج وائس چانسلر کی تقرری اردو یونیورسٹی کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی ہوگی، نیز یہ عمل سرچ کمیٹی کے چھ مہینوں کی محنت برباد کرنے کی مترادف ہو گا، ڈاکٹر افتخارا حمد طاہری نے مزید کہا کہ افتخار عارف بہت بڑے شاعر اور نامور شخصیت ہیں، اردو یونیورسٹی کے اساتذہ کو ان سے پوری امید ہے کہ قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ان کی بطور قائم مقام وائس چانسلر تقرری کو افتخار عارف خود بھی قبول نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں