انجانے خوف سے انگلش دھڑکنیں بے ترتیب ہونے لگیں

آج افغانستان سے مقابلہ ہو گا، بھارتی ٹیم کو بھی بنگال ٹائیگرز پر لازمی فتح درکار


Sports Desk/AFP March 23, 2016
آج افغانستان سے مقابلہ ہو گا، بھارتی ٹیم کو بھی بنگال ٹائیگرز پر لازمی فتح درکار ۔ فوٹو:فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 گروپ ون میں آج انگلینڈ کا مقابلہ افغانستان جب کہ بھارت کا سامنا بنگلا دیش سے ہوگا۔ انجانے خوف سے انگلش دھڑکنیں بے ترتیب ہونے لگیں، چھوٹی ٹیموں سے بڑی چوٹ کھانے والی مورگن الیون کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں، افغان سائیڈ بھی اپنی صلاحیتوں سے حیران کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کیلیے پُراعتماد ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کو گذشتہ 2 ورلڈ ایونٹس میں چھوٹی ٹیموں کے ہاتھوں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ 2014 کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں مہم کا خاتمہ اس وقت ہوا جب نیدرلینڈز جیسی ناتجربہ کار ٹیم نے 45 رنز سے شکست دے دی۔ گذشتہ برس ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو بنگلا دیش نے باہر کیا، رواں ٹورنامنٹ میں ٹیم کو پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز سے ناکامی ہوئی تاہم جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی، اب اس کا مقابلہ ایک اور چھوٹی ٹیم افغانستان سے ہے۔

کپتان ایون مورگن نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں افغان سائیڈ کو آسان شکار سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب افغانستان نے ابھی تک مین راؤنڈ میں ایک بھی میچ نہیں جیتا مگر پروٹیز سے مقابلے میں زبردست فائٹ کی، کوچ انضمام الحق نے کہاکہ ہماری ٹیم ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے، اسے جتنا ٹاپ لیول پرکھیلنے کا موقع ملے گا اتنا ہی بہتر ہوتی جائے گی۔ ادھر بھارت کو بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی کا یقین اور وہ اس کے خلاف اپنا رن ریٹ بہتر بنانے کا خواہاں ہے، کپتان دھونی نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی کہ وہ بڑے مارجن سے فتح یقینی بنائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں