جرم چاہے سیاستدان ہی کیوں نہ کریں ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی آئی جی سندھ

پولیس اب بغیر کسی دباؤ کے کام کرے گی جب کہ محکمے میں بھرتیاں صرف میرٹ پر ہوں گی، اے ڈی خواجہ

عدالت نے میری تعیناتی پر سوال اٹھایا تو میں خود گھر چلا جاؤں گا۔ اے ڈی خواجہ - فوٹو: فائل

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ پولیس اب بغیر کسی دباؤ کے کام کرے گی اور جرم چاہے سیاستدان ہی کیوں نہ کریں ان کے خلاف بھی بھرپور کارروائی ہوگی جب کہ پولیس میں بھرتیاں بھی شفاف اور میرٹ پر ہوں گی۔

حیدرآباد میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیرصدارت محکمہ پولیس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس اب بغیر کسی دباؤ کے کام کرے گی اور جرم چاہے سیاستدان ہی کیوں نہ کریں ان کے خلاف بھی بھرپور کارروائی ہوگی جب کہ پولیس میں بھرتیاں بھی شفاف اور میرٹ پر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ماضی کے مقابلے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے اور اس میں رینجرز وپولیس کا اہم کردار ہے جب کہ ہمیں چاہیے کہ ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے کے بجائے صفائی کریں۔


اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر ایکسائز کے ساتھ اجلاس میں منشیات کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ ہوا ہے، محکمہ پولیس کو مزید فعال کر رہے ہیں اور تفتیشی عمل کو بہتر کرنے کی کوشش کی ہے جب کہ پولیس میں کرپشن کے حوالے سے معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا یہ کام نہیں کی کہ وہ شراب خانوں کے باہر کھڑے ہوکر خریداروں کی شناخت چیک کرے حالانکہ شراب خانون کے لائسنس سندھ حکومت دیتی ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان واقعے میں 45 افراد ہلاک ہوئے تھے جس پر ڈی آئی جی کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا جب کہ واقعے کا مرکزی ملزم جلد پکڑا جائے گا اور 4 افراد پہلے ہی زیر حراست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ضلع کے پولیس اہلکار سمیت اعلیٰ افسر کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور عدالت نے اگر کبھی میری تعیناتی پر سوال اٹھایا تو میں خود گھر چلا جاؤں گا۔
Load Next Story