ورلڈ ٹی 20 کیویز کو ٹرافی ہاتھوں میں دکھائی دینے لگی

پاکستان سے فتح پر ملکی میڈیا نے کین ولیمسن الیون کو ریڈ ہاٹ فیورٹ قرار دے دیا


AFP March 24, 2016
پاکستان سے فتح پر ملکی میڈیا نے کین ولیمسن الیون کو ریڈ ہاٹ فیورٹ قرار دے دیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

ایک ہی جست میں سیمی فائنل میں پہنچنے والے کیویز کو ٹرافی اپنے ہاتھوں میں دکھائی دینے لگی، پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کے میڈیا نے اپنی ٹیم کو ٹائٹل کیلیے ریڈ ہاٹ فیورٹ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے آغاز سے قبل کوئی بھی نیوزی لینڈ کو ٹائٹل کے دعویداروں میں شامل کرنے کو تیار نہیں تھا، انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھارت سے اس کے ابتدائی معرکے سے قبل یہاں تک کہہ دیا تھا کہ چھوٹی ٹیموں کو ایونٹ میں شرکت کیوں کرنے دی گئی ہے مگر وہی چھوٹی ٹیم اب دیوقامت بن کر ابھری ہے، اس نے میزبان بھارت کو 47 رنز سے شکست دی پھر آسٹریلیا کو زیر کیا اور اب پاکستان ٹیم کے خلاف 22 رنز کی کامیابی کے بعد نہ صرف فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی ایونٹ کی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔

کیویز کی اس شاندار پرفارمنس پر ان کا ملکی میڈیا بھی خوشی سے پھولے نہیں سمارہا، اب وہ بھی اپنی ٹیم کو ٹائٹل کیلیے ریڈ ہاٹ فیورٹ قرار دے رہا ہے۔ این زیڈ ہیرالڈ کے کرکٹ رائٹر اینڈریو ایلڈرسن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے بڑی کامیابی حاصل کرنے کیلیے درست ٹریک پر گامزن ہے۔

فیئرفیکس کے ڈنکن جونسٹن کہتے ہیں کہ نیوزی لینڈ نے پہلے اسپن کے ماہر بھارت کو اسی کے جال میں الجھایا پھر پرانے حریف آسٹریلیا کو قابو میں کیا اور اب پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد وہ ٹائٹل کیلیے سب سے مضبوط دکھائی دے رہا ہے، سب سے اہم اور قابل قدر بات یہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے ہدف کے مضبوط تعاقب کے باوجود ہماری ٹیم کے ہاتھ پاؤں نہیں پھولے، اس ٹیم نے ثابت کردیا کہ وہ ہدف دینے کے ساتھ اس کا دفاع کرنا بھی جانتی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل کیویز نے صرف ایک مرتبہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا سیمی فائنل 2007 کے ابتدائی ایڈیشن میں کھیلا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں