ماسکو ایئرپورٹ سے 48 پاکستانی تاجر ڈی پورٹ 84 کی واپسی کی تیاریاں مکمل

ماسکو ایئرپورٹ میں پھنسے پاکستانیون کو آج شام تک براستہ دبئی واپس بھجوادیا جائے گا، ڈپٹی چیف مشن آف پاکستان


ویب ڈیسک March 24, 2016
188 پاکستانی تاجر روس میں تقریب میں شرکت کے لئے گئے تھے جنہیں ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روک لیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: روس کی موبائل فون کمپنی کی دعوت پر جانے والے 132 پاکستانیوں میں سے 48 کو واپس بھجوادیا گیا ہے جب کہ دیگر 84 کو آج شام تک براستہ دبئی واپس بھجوایا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق روس کی مقامی موبائل ساز کمپنی نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 188 موبائل فون ڈیلرز کو موبائل فون کے نئے ماڈلز کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور سیر و سیاحت کے لیے بلایا تھا۔ ان تاجروں میں سے 80 کا تعلق کراچی، 35 کا لاہور جب کہ دیگر کا اسلام آباد سے ہے۔ یہ تمام موبائل ڈیلرز مختلف پروازوں سے بدھ کی دوپہر کو ماسکو پہنچے تھے تاہم ان میں 56 افراد کو ماسکو میں داخل ہونے دیا گیا جب کہ 132 کو روک لیا گیا، 24 گھنٹے تک ایک چھوٹے سے کمرے میں بند کرنے کے بعد ان میں سے 48 کو واپس پاکستان بھجوادیا گیا ہے جب کہ دیگر 84 افراد اب بھی وہیں موجود ہیں۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر معاون خصوصی طارق فاطمی نے روس میں پاکستانی سفیر سے رابطہ کرکے انہیں محصورپاکستانیوں کی ہر ممکن مددکی ہدایت کردی ہے۔

محصور تاجروں میں سے ایک تاجرعبدالواحد کا کہنا تھا کہ انہیں کچھ پتہ نہیں کیوں روکا گیا ہے، وہ باقاعدہ ویزہ لے کر آئے ہیں، 3 دن ماسکو اور 3 دن سینٹ پیٹرزبرگ میں قیام کرنا تھا۔ پہلے 2,3 لوگوں کو جانے دیا گیا جن میں وہ بھی شامل تھے۔ باقی لوگوں کو روک لیا گیا اورابھی ہم ایئرپورٹ پر ہی تھے کہ ہمیں بھی ڈھونڈ کر واپس لا کر ایک کمرے میں بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی سفارتخانے کا عملہ بھی ایئرپورٹ پر موجود ہے۔ ماسکو میں پاکستان کے ڈپٹی ہیڈآف مشن عطاء المنعم شاہد کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر روکے گئے پاکستانی چاردن کے سیاحتی ویزے پر ماسکو پہنچے تھے، کچھ کےپاس زیادہ پیسے نہیں تھے، یہ لوگ امیگریشن کاؤنٹر پر موجود آفیسر کو روسی اور انگریزی زبان سے لاعلمی کی بدولت مطمئن کرنے میں ناکام رہے تھے۔ اس وقت ماسکو ایئرپورٹ پر پاکستانی سفارت خانے کا ایک اہلکار موجود ہے جو روسی زبان سے بھی واقفیت رکھتا ہے۔اس کے علاوہ پاکستانی سفارت خانہ بھی روسی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ امید ہے ماسکو میں پھنسے باقی پاکستانی بھی آج شام روانہ ہوجائیں گے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |