فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 2 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی

عبید اللہ اور سہیل کو ساہیوال جیل میں پھانسی دی گئی

15 مارچ کو آرمی چیف جنرل نے فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے 13 دہشت گردوں کی سزاؤں کی توثیق کی تھی فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
فوجی عدالتوں سے دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں سزا یافتہ 2 دہشت گردوں کو ساہیوال جیل میں پھانسی دے دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مجرم عبید اللہ ولد اعظم بلوچ کو 7 اپریل 2015 جبکہ محمد سہیل ولد ظہور احمد کو 15 اگست 2015 کو فوجی عدالتوں نے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے پر پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ دونوں دہشت گردوں کو ساہیوال جیل میں پھانسی دی گئی۔


کالعدم حرکت الجہادِ الاسلامی کا رکن عبید اللہ بنوں جیل اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، مجرم نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا اور اسے دہشت گردی کے 6 واقعات میں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا رکن محمد سہیل بھی خیبر پختونخوا میں بنوں جیل اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا جس میں متعدد فوجی جوان ہلاک و زخمی ہوئے، دونوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے 13 دہشت گردوں کی سزاؤں کی توثیق کی تھی، یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے قتل، ایئرپورٹ اور غیر ملکی سیاحوں پر حملوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
Load Next Story