بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا حاضرسروس افسر گرفتار

بھوشن یادیو بھارتی نیوی کا کمانڈر ہے جو علیحدگی پسندوں سے رابطے میں تھا،ذرائع


ویب ڈیسک March 24, 2016
بھوشن دیو بھارتی نیوی کا کمانڈر ہے جو علیحدگی پسندوں سے رابطے میں تھا،ذرائع۔ فوٹو : فائل

حساس اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کا ایجنٹ گرفتار کرلیا جو کہ بھارتی نیوی کا حاضر سروس آفیسر بھی ہے۔



سیكیورٹی ذرائع كے مطابق پاك افغان سرحدی علاقے میں حساس ادارے اور فورسز نے كارروائی كے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی''را'' كے نیوی میں حاضر سروس افسر كل بھوشن یادیو كو گرفتار كرلیا جسے بعدازاں اسلام آباد منتقل كردیا گیا۔ ذرائع كے مطابق كل بھوشن یادیو بلوچستان میں دہشتگردوں كی تربیت كركے دہشتگردی كی كارروائیوں كی نگرانی كرتا تھا جس كی بلوچستان میں افغانستان كے ساتھ سرحدی علاقے میں موجودگی پر نگرانی سخت كردی گئی تھی۔ ''را'' كے ایجنٹ كے بلوچستان كی كالعدم تنظیموں كے كمانڈر كے ساتھ رابطے تھے جس كی گرفتاری كی تصدیق وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا كے ساتھ بات چیت كے دوران كردی۔



ذرائع کے مطابق یہ كارروائی تین دن قبل كی گئی جس میں گرفتار افسر بلوچستان كی علیحدگی پسند تنظیموں سے رابطے میں تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف كیا ہے كہ وہ بھارتی نیوی میں كمانڈر رینك كا افسر ہے اور''را'' كے لئے كام كرتا ہے، ملزم نے بلوچستان اوركراچی میں علیحدگی اور فرقہ وارانہ فسادات كی سازش كا بھی اعتراف كیا ہے۔



صوبائی وزیر داخلہ كا كہنا تھا كہ بلوچستان كے جنوبی علاقے سے بھارتی خفیہ ادارے ''را'' كے ایك حاضر سروس افسر كو گرفتار كیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا كہ بھارت نے ہمیشہ بلوچستان میں مداخلت كر كے غیر مستحكم كر نے كی كوشش كی، ''را'' كے ایجنٹ كی گرفتاری بڑی كامیابی ہے۔ انہوں نے بھارتی ایجنٹ كی گرفتاری كو سیكورٹی فورسز كا اہم كارنامہ قرار دیتے ہوئے كہا كہ ہمارے اداروں نے بھارتی ایجنٹ كو گرفتار كر كے ''را'' كے مداخلت كو بلوچستان میں بے نقاب كر دیا اور بھارت نے ہمیشہ بلوچستان كو غیر مستحكم كرنے كی كوشش كی۔





سرفراز بگٹی نے كہا بلوچستان میں حالات بیرونی مداخلت بالخصوص ''را'' كی وجہ سے خراب ہیں، ''را'' كے ایجنٹ كے علیحدگی پسندوں سے روابط تھے، میں روز اول سے كہہ رہا ہوں كہ بلوچستان میں ''را'' كام كر رہی ہے تو سب لوگ مجھ سے ثبوت مانگتے تھے لیکن اب اس سے بڑھ كر اور كیا ثبوت ہوگا كہ ان كا ایك افسر بلوچستان میں بیٹھ كر كام كر رہا ہے۔



دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' كے حاضر سروس ایجنٹ كی گرفتاری كو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس كامیاب كارروائی پر سیكیورٹی فورسز كی كاركردگی كو سراہا ہے۔ انہوں نے كہا ہے كہ بلوچستان حكومت كا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے كہ بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' بلوچستان كے حالات كی خرابی میں ملوث ہے جس كے یہاں كے دہشت گردوں كے ساتھ رابطے ہیں اور بھارتی خفیہ ایجنسی ان كے ذریعے پاكستان اور بلوچستان میں عدم استحكام پیدا كرنا چاہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں