افغانستان میں امن کیلیے مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھیں گے طارق فاطمی

افغانستان میں امن پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے، معاون خصوصی وزیراعظم


ویب ڈیسک March 24, 2016
افغانستان میں امن پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے، معاون خصوصی وزیراعظم، فوٹو؛ فائل

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے اور پاکستان افغانستان میں ہونے والے مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے جاپان کی وزارت خارجہ کے ایشیائی امور کے ڈائریکٹر اور پاکستان و افغانستان کے لیے جاپان کے نائب نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کے امور سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان کو اپنا قریبی دوست اور ترقیاتی شراکت دار تصور کرتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں بہترین تعاون قائم ہے۔

طارق فاطمی نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے، پاکستان افغانیوں کی جانب سے اپنے طور پر شروع کیے گئے اور انہی کی سرپرستی میں ہونے والے مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے پر امن ہمسائیگی اور خطے میں عدم مداخلت کے حوالے سے حکومت کی پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعمیری اور اعتماد پر مبنی تعلقات کے قیام کی خواہش کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر جاپانی سفارتکاروں کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان قائم دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرتا رہے گا۔ جاپانی سفارتکاروں نے پر امن ہمسائیگی کی پالیسی کے تحت خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں