ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو شکست دیدی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے مارلن سیموئل نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔


ویب ڈیسک March 25, 2016
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل، اندرے رسل اور ڈیون براؤ نے 2،2 وکٹیں حاصل کی۔ فوٹو: آئی سی سی

ورلڈ ٹوئنٹی 20 گروپ ون میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔


میرپور کے ودربا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔ کرس گیل اور جونسن چارلز نے اننگز کاآغاز کیا، گیل پہلے ہی اوور میں ایک چوکا مار کر رباڈا کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ چارلز نے اندرے فلیچر کے ساتھ ملکر 29 رنز کی شراکت قائم کی لیکن فلیچر بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، چارلز نے تیسری وکٹ کیلیے سیموئل کے ہمرا 32 رنز کی شراکت داری قائم کی، چارلز 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہیں رک سکا، براؤ 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ عمران طاہر نے اندرے رسل کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے اگلی ہی گیند ہر کپتان ڈیرن سیمی کو بولڈ کرکے میچ میں سنسنی پھیلادی تاہم مارلن سیموئلز نے 44 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے عمران طاہر نے 2، رباڈا، کرس مورس، ڈیوڈ ویسے اور ارون پھنگسو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، آملہ پہلے ہی اوور میں ایک رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان فاف ڈپلسی 9 اور ریلی رسووو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ڈی کوک نے اے بی ڈی ویلیئر کے ہمراہ ملکر 25 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اے بھی صرف 10 رنز بنا کر کر آؤٹ ہوگئے جب کہ ڈیوڈ ملکر بھی محض ایک ہی رنز بناسکے۔ ڈی کوک نے چھٹی وکٹ کیلیے ڈیوڈ ویسے کے ساتھ ملکر 50 رنز کی شراکت داری قائم کی، ڈیوڈ 28 اور ڈی کوک 47 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کرس مورس 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل، اندرے رسل اور ڈیون براؤ نے 2،2 وکٹیں حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں