وفاق نے ’را‘ نیٹ ورک کیخلاف آپریشن کا گرین سگنل دے دیا

وفاقی حکومت نے فیصلہ بلوچستان سے ’را‘ کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری کے بعد کیا۔


عامر خان March 25, 2016
وفاقی حکومت نے فیصلہ بلوچستان سے ’را‘ کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری کے بعد کیا۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے بلوچستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری کے بعد ملک بھرمیں'را' سے روابط رکھنے والیافراد اور تنظیموں کی نشاندہی اور 'را' نیٹ ورک کے قلع قمع کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر سخت آپریشنز کر نے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔

سیکیورٹی ادارے مربوط آپریشنل پلان کے تحت کراچی، بلوچستان اور دیگر صوبوں کے مختلف اضلاع میں ملک دشمن عناصر کے خلاف جلد کارروائیاں کریں گے۔ ان عناصر کے خلاف دہشت گردی ایکٹ اور غداری کے مقدمات درج کیے جائیں گے اورگرفتار عناصر کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت گرفتار 'را' افسر سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں حالات خراب اور دہشت گردوں کی مدد کر نے کے معاملات کو مودی سرکار کے سامنے اٹھائے گی اور پہلے مرحلے میں دفتر خارجہ حکومت کاپیغام مودی سرکار تک پہنچائے گا اور سفارتی سطح پرسخت پیغام دیا جائے گا کہ بھارت مداخلت سے باز رہے ۔

اگلے مرحلے میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز سے رجوع کیا جاسکتا ہے ۔وفاقی حکومت کے انتہائی باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ سیکیورٹی اورخفیہ ادارے اس امر کی پہلے ہی نشاندہی کرچکے ہیں کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے اور عسکریت پسند گروپس کو پس پردہ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کی آشیرباد حاصل ہے اور 'را' ان عناصر کو مالی ودیگر سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ گرفتار 'را' کے افسر سے تفصیلی معلومات حاصل کی جارہی ہیں کہ کراچی سمیت ملک بھر میں 'را' کے کن گروپس اور تنظیموں سے رابطے میں ہیں اور ان کا ایجنڈا کیاہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں