کیرئیر کے بارے میں اگلے 4 سے 5 دن میں فیصلہ کروں گا شاہد آفریدی

بوم بوم آفریدی کپتانی چھوڑ کر بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے، ذرائع

بوم بوم آفریدی کپتانی چھوڑ کر بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ فوٹو؛ فائل

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اگلے 4 سے 5 دنوں میں اپنے کیرئیر کے بارے میں فیصلہ کروں گا۔


آسٹریلیا کے خلاف میچ کے بعد بات کرتے ہوئے قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرپارہا ہوں، بطور کھلاڑی میں ابھی بھی فٹ ہوں لہذا پاکستان جاکر 4 سے 5 دنوں میں اپنے سینئرز سے مشورہ کرنے کے بعد کوئی فیصلہ کروں گا لیکن بطور کپتان کھیلنا بہت مشکل ہے، اگر میرا جانا ملک کیلیے بہتر ہے تو استعفیٰ دے دوں گا۔

انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارت میں کرکٹ کو بہت انجوائے کیا اور بھارتی شائقین سمیت پاکستان اور کشمیر سے آنے والے تمام تماشائیوں کا بہت شکرگزار ہوں۔ کشمیری عوام کے شکریہ والے بیان سے متعلق آفریدی کا کہنا تھا کہ میرا وہ بیان سمجھدار لوگوں کیلیے تھا۔


وسیم اکرم کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ کو بہتر کرنے کیلیے کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں کرکٹ اکیڈمیز ہونی چاہیے۔ انہوں نے اپنے تمام کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر بہت اچھا کرکٹر ہے وہ وسیم اکرم جیسا بولربن سکتا ہے اگر اپنی کارکردگی برقرار رکھے جب کہ بھارت کے پاس ویرات کوہلی کی صورت میں دوسرا ٹنڈولگر موجود ہے۔

شاہد آفریدی کے مستقبل کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ کپتانی چھوڑ کر بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔



 
Load Next Story