پاکستانی ایکسپورٹرزکوروس میں پھنسے10کروڑڈالرملنے کاامکان

عدالتوں سے کلیم واپس لینے پر روسی سرمایہ کاری کے دروازے کھل جائیں گے، حکام


اظہر جتوئی March 26, 2016
عدالتوں سے کلیم واپس لینے پر روسی سرمایہ کاری کے دروازے کھل جائیں گے، حکام۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

روس پاکستانی ایکسپورٹرز کے پھنسے ہوئے 10کروڑ ڈالر واپس کرنے پر راضی ہوگیا،معاملات طے پاگئے، تنازعات کے خاتمے کے ساتھ ہی روس پاکستان میں 7ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔

حکام کے مطابق جب روس کا شیرازہ بکھرا تو پاکستانی سرمایہ کاروں کے 10 کروڑ ڈالر روس میں پھنس گئے تھے جبکہ اس وقت روس کے 10کروڑ ڈالر پاکستانی بینکوں میں تھے، پاکستان کے 3 بڑے ایکسپورٹرز مرکری، الفتح اور تابانی گروپ اپنا سرمایہ لینے کیلیے عدالتوں میں چلے گئے اب روس سے تعلقات نے نئی کروٹ لی ہے تو پاکستانی سرمایہ کاروں نے لکھ کر دے دیا ہے کہ حکومت جو فیصلہ کرے گی ان کو قبول ہو گا۔

وہ اپنے کیسز واپس لینے پر تیار ہوگئے ہیں، وزیر اعظم نے معاملہ حل کرنے کیلیے چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ مفتاح اسماعیل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے جو طے کریگی کہ کس سرمایہ کار کو کتنے پیسے واپس کرنے ہیں، روس 2.2 ڈالر پہلے ہی واپس کر چکا ہے۔

حکام کے مطابق عدالتوں سے کلیم واپس لینے پر روسی سرمایہ کاری کے دروازے کھل جائیں گے کیونکہ روس ایسے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرتا جہاں تنازعات چل رہے ہوں۔ حکام کے مطابق روس پاکستان میں 7ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے جس میں کراچی تالاہور گیس پائپ لائن پر 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے، اسٹیل ملز، پاور، ریلوے ودیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی جائیگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔