میاں صاحب کو پاکستانی کسان سے زیادہ بھارتی کسان کی فکر ہے بلاول بھٹو زرداری

حکومت کب تک نجکاری کے نام پرقومی اداروں کوحسب منشا افراد کو بیچتی رہے گی، چیئرمین پیپلزپارٹی

حکومت کب تک نجکاری کے نام پرقومی اداروں کوحسب منشا افراد کو بیچتی رہے گی، چیئرمین پیپلزپارٹی، فوٹو؛ فائل

QUETTA:
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کو پاکستانی کسان کے بجائے بھارتی کسان کی زیادہ فکر ہے اور (ن) لیگ کی ناکام معاشی پالیسیز کی وجہ سے ہماری برآمدات کم ہورہی ہیں۔



پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب میں سیاسی مہم کا آغاز کیا جہاں رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتہاپسندی تیزی سے پھیل رہی ہے اور ملک انتشار کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے باعث غریب غریب تراورامیرامیرترہورہا ہے، پنجاب، بلوچستان، سندھ، کے پی کے اور آزاد کشمیر کےعوام حقوق سے محروم ہیں اور غریبوں کی آواز کو ایک مرتبہ پھر دبایا جارہا ہے۔




بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری لڑائی مظلوموں سے نہیں حکمرانوں سے ہے، آج جنوبی پنجاب کےعوام میرے ساتھ ان کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں، میں وعدہ کرتا ہوں کسانوں کی غربت اور محرومیاں بی بی کا بیٹا ختم کرے گا اور آپ کے حقوق غصب کرنے والوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب بھی چھین لیا، میاں صاحب کو پاکستانی کسان کے بجائے بھارتی کسان کی فکر زیادہ ہے، کسان کو جب فصل کی اچھی قیمت ملتی ہے، بھارت سے فصل منگوا کر کسان کا استحصال کرتے ہیں جب کہ کسانوں کے زرعی قرضے پرسود 15 فیصد کر دیا گیا ہے اور کسان کی حالت یہ ہے کہ ٹریکٹر خریدنے کی طاقت بھی نہیں رکھتا ہے۔



چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوازشریف عوام کا مینڈیٹ چھیننا چاہ رہے ہیں، غریبوں کی تقدیر کو بدلنا ہوگا، کب تک نجکاری کے نام پرقومی اداروں کوحسب منشا افراد کو بیچتے رہو گے، عوام کا پیسا چھین کر اورنج لائن پر لگایا جارہا ہے، یہ وہ اورنج لائن ہے جو شاید آپ زندگی میں دیکھیں گے، نہ استعمال کرں گے، کیا پورے پنجاب کی آبادی کا بجٹ ایک اورنج لائن سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کےخاتمےکیلیے جدوجہد کی اور ہم نے جنوبی پنجاب سے پہلا وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بنایا۔

Load Next Story