برآمدی گارمنٹس کے خام مال کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کا امکان

حتمی فیصلہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے اجلاسوں میں کیے جائیں گے اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔


Irshad Ansari March 27, 2016
حتمی فیصلہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے اجلاسوں میں کیے جائیں گے اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں برآمد کنندگان کیلیے بٹن، سلائی کے لیے استعمال ہونے والے خصوصی دھاگے، زپ، اسٹیکرز سمیت گارمنٹس انڈسٹری میں استعمال ہونے والے دیگر خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی و ٹیکسوں سے چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو موصول ہونے والی بجٹ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ مختلف ایس آر اوز کے تحت درآمد کیے جانے والے 10مختلف اقسام کے خام مال کا مقامی مارکیٹ میں بہت کم استعمال ہے اور ان کی درآمدی ویلیو بھی کم ہے۔ دستاویز میں کہا گیا کہ اگر برآمدکنندگان کو ان 10اقسام کے خام مال کی درآمد پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دے دی جائے تو اس سے برآمد کنندگان کو بھی سہولت میسر آئے گی اور گارمنٹس کی برآمدات کو بھی فروغ ملے گا۔

دستاویز میں جن 10 اشیا پر مشتمل خام مال کی درآمد کو ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کی تجویز دی گئی ہے ان میں بٹن، چھلے، ٹاپس، زپ، سلائی کا خاص دھاگا، اسٹیکرز، لیبل، ہینگ ٹیگز، بیلٹ، خصوصی ہینگرز، سیکورٹی ٹیگز، کھیلوں کے ملبوسات کے لیے استعمال ہونے والا موٹا سوتی کپڑا شامل ہیں۔ اس ضمن میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم حتمی فیصلہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے اجلاسوں میں کیے جائیں گے اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں