دبئی شو میں اسٹارمارکیٹنگ بھی پراپرٹی پروجیکٹس پیش کریگی

معلوماتی ڈیسک قائم کرکے اوورسیز پاکستانیوں کوآگہی دی جائیگی،واثق نعیم


ثنا سیف March 27, 2016
دبئی شوپاکستان میںپراپرٹی خریدنے کاآسان ذریعہ ثابت ہوگا، ’’ایکسپریس‘‘ کوانٹرویو۔ فوٹو: فائل

اسٹار مارکیٹنگ دبئی میں3روزہ انٹرنیشنل پراپرٹی شو (آئی پی ایس)2016 میں شرکت کرے گی جس میں پاکستان کے مختلف شہروں کے کمرشل اور رہائشی پراپرٹی کی تشہیر کے لیے معلوماتی ڈیسک قائم کیے جائیں گے جو دبئی میں مقیم اورسیز پاکستانیوں کو پراپرٹی پروجیکٹس کے حوالے سے آگہی فراہم کریں گے تاکہ دبئی میں سکونت اختیار کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانی اپنی ذاتی پراپرٹی کے مالک بن سکیں۔

ان خیالات کا اظہار اسٹار مارکیٹنگ کے چیئرمین واثق نعیم نے ''ایکسپریس'' کو اپنے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایس شو 2016 دبئی میں مقیم ان اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاکستان کی کمرشل اور رہائشی پراپرٹی کو باآسانی خریدنے کے حوالے سے رسائی کا ذریعہ ہے جو پراپرٹی خریدنے کے لیے فوری ملک میں واپس نہیں آ سکتے، آئی پی ایس شوکا آغاز 29مارچ سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسٹار مارکیٹنگ کے پاس پاکستان بھر کے مختلف شہروں کے پروجیکٹس موجود ہیں جن میںکراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، نوشہرہ، ساہیوال و دیگر شہروں میںرہائشی اور کمرشل پروجیکٹس شامل ہیں جن کو دبئی میں اوورسیز پاکستانیوں کے خریدنے کے لیے نمائش میں پیش کیا جائے گا جس میں رہائشی پراپرٹی کی قیمت 10لاکھ سے 10کروڑ تک ہے جبکہ کمرشل پراپرٹی کی قیمت کروڑوں میں ہے۔ انھوں نے کہاکہ کراچی اور دہلی کی پراپرٹی کا موازنہ کیا جائے تو پاکستانی پراپرٹی کم لاگت نکلے گی۔

انھوں نے کہاکہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے ہمیشہ اسٹارمارکیٹنگ کے مختلف پروجیکٹس کی تشہیرمیں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ پراپرٹی پروجیکٹس کے صارفین رہائشی یا کمرشل پراپرٹی خریدنے سے قبل بلڈرز کی جانچ پڑتال لازمی کیا کریں کیونکہ جعلی بلڈرزسادہ لوح عوام کو بیوقوف بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں،عوام کو پراپرٹی جعلی کاغذات کی بنیاد پر فروخت کرکے پیسہ وصول کرکے منظر عام سے غائب ہوجاتے ہیں،اسٹار مارکیٹنگ نے مختلف شہروں میں رہائشی اور کمرشل پراپرٹی پروجیکٹس میں اعلیٰ اور معیاری قسم کامیٹریل استعمال کیا ہے جس میں زلزلہ پروف بلندوبالا عمارتیں تعمیر کی ہیں۔

واثق نعیم نے کہاکہ پاکستان میں پراپرٹی صنعت کا مستقبل روشن ہے، کراچی میں امن بحال ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت کی ترقی کے ساتھ پراپرٹی خریدنے کے رجحان میں بھی اضافہ ہورہا ہے، اسٹار مارکیٹنگ کا ادارہ بڑے پیمانے پر ریئل اسٹیٹ ڈیولپرز اور بلڈرز کے پروجیکٹس کو فروغ دینے کے حوالے سے تخلیقی مارکیٹنگ کی صلاحیت سے بھرپور ہے، اسٹار مارکیٹنگ کے تحت بلڈرز اپنے پروجیکٹس کی فروخت میں کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں، ان کا نیٹ ورک کینیڈا، امریکا، یورپ،خلیج اور پاکستان کے اہم شہروں میں قائم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں