غربت شماری سروے کر رہے ہیں ماروی میمن

بدعنوانی سے نمٹنے کیلیے مستحقین کومالی امداد بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے دی جارہی ہے، ماروی میمن


APP March 27, 2016
بدعنوانی سے نمٹنے کیلیے مستحقین کومالی امداد بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے دی جارہی ہے، ماروی میمن فوٹو: فائل

وزیر مملکت و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور معاشی اشاریے اس بات کے گواہ ہیں کہ وطن عزیز روز بروز ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 2500 ملازمین غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنیوالی خواتین اور ان کے اہل خانہ کی خدمت کیلیے دن رات کوشاں ہیں۔ وہ ہفتہ کے روز مقامی ہوٹل میں روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ''اکنامکس اینڈ کمیونٹی'' کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں، اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کے صدر رانا ناصر، ڈسٹرکٹ گورنر ساجد پرویز بھٹی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت ماروی میمن نے کہاکہ مستحقین کو دی جانیوالی مالی امداد مارچ سے 4500 روپے سے بڑھا کر4700 روپے کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اے ٹی ایم کے ذریعے رقم کی تقسیم میں بدعنوانی کی شکایات ہوئی تھیں مگر اب مذکورہ رقم کی تقسیم بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شروع کی گئی ہے تاکہ رقم حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر ڈیٹا بیس سسٹم کے ذریعے غربت شماری کا سروے کیا جارہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے غریب خاندان بھی اس سسٹم میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہنر مند خواتین جو دور دراز علاقوں میں دستکاری کا کام کرتی ہیں کے دستکاری کے کام کو آن لائن کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کیا جا سکے جو ملک اور ان خواتین دونوں کے وسیع مفاد میں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں