مرغی ٹماٹر کیلے اور چینی مہنگی ہفتہ وار افراط زر 048 فیصد بلند

گزشتہ سال کے مقابلے میں 24مارچ کو ختم ہفتے میں مجموعی طور پر مہنگائی میں 4.28 فیصد کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں 24مارچ کو ختم ہفتے میں مجموعی طور پر مہنگائی میں 4.28 فیصد کا اضافہ ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پاکستان میں مرغی، ٹماٹر، کیلے اور چینی مہنگی ہونے کے باعث گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں 0.48 فیصد اضافہ ہو گیا۔


پاکستان بیوروشماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 24مارچ2016 کو ختم ہفتے کے دوران زندہ فارمی مرغی کی قیمت 15.41 فیصد کے نمایاں اضافے سے 144.47 روپے سے بڑھ کر 166.74 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی، ٹماٹر کے اوسط نرخ 8.71 فیصد کے اضافے سے 33.07 روپے فی کلوگرام، کیلے کے 3.97 فیصد بڑھ کر 78.24 روپے فی درجن، چینی کے بھاؤ 1.07 فیصد کے اضافے سے 63.18 روپے فی کلوگرام ہوگئے جبکہ مٹی کا تیل 1فیصد کے اضافے سے 74.84 روپے فی لیٹر ہوگیا، اسی طرح لہسن، دال مسور، دال ماش، گڑ، دال مونگ، دال چنا، سگریٹ، پیاز، ویجیٹیبل گھی اور بکرے کے گوشت سمیت مجموعی طور پر 15اشیا مہنگی ہوئیں جبکہ 7اشیا بشمول انڈے، آلو، ایل پی جی، گندم، آٹے، سرخ مرچ پاؤڈر اور اری 6چاول کے نرخوں میں0.30فیصد سے 3.88 فیصد تک کمی آئی، اس کے علاوہ دودھ، دہی، سادہ بریڈ، بیف سمیت 31اشیا کے نرخ برقرار رہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ بوجھ 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ آمدن والے طبقے پر 0.54 فیصد اور سب سے کم 8ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں پر 0.31 فیصد بڑھا جبکہ 12ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی میں 0.38 فیصد، 18ہزار آمدن والوں کے لیے 0.44 فیصد اور 35ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں 0.50 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں 24مارچ کو ختم ہفتے میں مجموعی طور پر مہنگائی میں 4.28 فیصد کا اضافہ ہوا۔
Load Next Story