بزدل دشمن شدید مایوسی میں آسان اہداف کو نشانہ بنارہا ہے وزیراعظم نوازشریف

ہمارا ہدف دہشت گردی سمیت انتہا پسندانہ ذہنیت کو بھی ختم کرنا ہے، وزیراعظم

ہمارا ہدف دہشت گردی سمیت انتہا پسندانہ ذہنیت کو بھی ختم کرنا ہے، وزیراعظم- فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اہم اجلاس ہوا جس میں دہشت گردوں کے خلاف مجموعی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

لاہور میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کا اہم اجلاس ہوا جس میں قانون نافذ کرنے اورخفیہ اداروں کے سربراہوں نے اجلاس کولاہورحملے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں لاہور حملے اور دہشت گردوں کے خلاف مجموعی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نوازشریف نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کےلئے قانون نافذ کرنے والے اورخفیہ اداروں کے درمیان موثرتعاون بڑھانے پرزوردیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبوں کو دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پرمبنی کارروائیاں تیزکرنی چاہئیں، اس موقع پر وزیرعظم کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کہ دہشت گرد ملک کے بے گناہ شہریوں کونشانہ بنائیں ہمیں اس جنگ کو دہشت گرد تنظیموں کی دہلیز پر پہنچانا چاہیے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہمارے لئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماراعزم مزید پختہ ہورہا ہے، بزدل دشمن شدید مایوسی میں آسان اہداف کو نشانہ بنارہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف صرف دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ہی نہیں بلکہ انتہا پسندانہ ذہنیت کوبھی ختم کرنا ہے جو ہمارے طرز زندگی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اس جنگ میں ہمارے بچوں ،بیٹوں اوربیٹیوں کوشہید کیا ہے اورانشاء اللہ ہم ملک سے ان عناصرکا خاتمہ کردیں گے۔


دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے سانحہ لاہور کے باعث دورہ امریکا منسوخ کردیا۔ وزیراعظم نے واشنگٹن مین نیوکلیئرسربراہ کانفرنس میں شرکت کرنا تھی تاہم اب وزیراعظم کی جگہ ان کے معاون خصوصی برائے خارجہ طارق فاطمی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے سانحہ لاہور کی وجہ سے دورہ لندن منسوخ کیا تھا۔

 



 
Load Next Story