چینی لڑکیاں اسمارٹ کیمرے کی دیوانی

چینی لڑکیوں کی خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ سیلفی میں بھی وہ زیادہ سے زیادہ خوب صورت نظر آئیں


عبدالریحان March 29, 2016
’ سیلفی کیمرے‘ کی سب سے خاص بات اس میں خصوصی ڈیجیٹل میک اپ سوفٹ ویئر کی موجودگی ہے فوٹو : فائل

اپنی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کا رجحان دنیا بھر میں مقبول ہوچکا ہے۔ نوجوان نسل سیلفی لینے کے جنون میں بری طرح مبتلا ہے۔ بالخصوص لڑکیوں کی خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ سیلفی میں بھی وہ زیادہ سے زیادہ خوب صورت نظر آئیں۔

ان کی اسی خواہش کو مدنظر رکھتے ہیں ایک جاپانی کمپنی نے خصوصی ' سیلفی کیمرا' متعارف کرادیا ہے۔ یہ ' جادوئی' کیمرا سیلفی لینے والے کے چہرے کو خوب صورت بنادیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوان لڑکیوں میں یہ کیمرا بہت مقبول ہورہا ہے۔ 1400ڈالر کی قیمت ہونے کے باوجود ' سیلفی کیمرے' کی فروخت میں برق رفتاری سے اضافہ ہورہا ہے۔ صرف اس کیمرے کی فروخت سے رواں برس کمپنی کو چالیس کروڑ ڈالر کا منافع حاصل ہونے کی توقع ہے!

Exilimسیریز کا TR70نامی یہ ماڈل خاص طور پر لڑکیوں کے لیے بنایا گیا ہے جو سیلفی میں زیادہ سے زیادہ حسین نظر آنا چاہتی ہیں۔ کیمرے سے بہترین سیلفی کے لیے ہدایات موجود ہیں۔ علاوہ ازیں کیمرا خود بھی اس سلسلے میں راہنمائی کرتا ہے۔ TR70 کا اینگل ویو 21 سے 35 ملی میٹر سسٹم کے مساوی ہے جو ایک عام کیمرے کے لیے وسیع ہے مگر بازو کی لمبائی کے مساوی فاصلے سے تصویر کھینچنے کے لیے بہت موزوں ہے۔

اس خاصیت کی وجہ سے اپنے دوستوں کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے اسٹک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ کیمرے میں فلیش کے بجائے ایل ای ڈی لائٹ دی گئی ہے جو واضح ترین تصویر کھینچنے میں معاون ہوتی ہے۔ اسمارٹ کیمرے میں صوتی راہنمائی کا نظام بھی دیا گیا ہے جس سے صارف کو موزوں ترین پوز میں سیلفی لینے میں مدد ملتی ہے۔

' سیلفی کیمرے' کی سب سے خاص بات اس میں خصوصی ڈیجیٹل میک اپ سوفٹ ویئر کی موجودگی ہے جس کے ذریعے چہرے سے داغ دھبّے دور ہوسکتے ہیں، رنگت گوری اور آنکھیں بڑی کی جاسکتی ہیں۔ زیادہ تر کومپیکٹ کیمروں میں ڈیجیٹل ری ٹچ شوٹنگ موڈ ہوتے ہیں مگر اس کیمرے میں جلد کی بارہ مختلف رنگت دی گئی ہیں۔ چناں چہ صارف حسب منشا اپنے چہرے کو سانولا، گندمی یا گورا بناسکتا ہے۔

' سیلفی کیمرا' چینی خواتین میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔ اس سیریز کا اولین ماڈل گذشتہ برس متعارف کروایا گیا تھا۔ جس کے بعد جاپانی کمپنی کو، نو برس کے بعد چینی مارکیٹ سے سب سے زیادہ نفع حاصل ہوا۔ سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی سب سے زیادہ شوقین چینی لڑکیاں ہیں۔ ان کی رنگت ویسے ہی اُجلی ہوتی ہے، اس کے باوجود وہ اپنے چہروں کی بناوٹ سے مطمئن نہیں۔ سیلفی کیمرے نے ان کی یہ مشکل آسان کردی ہے۔ اور اب وہ جب چاہیں اپنے چہرے کی رنگت اور نین نقش میں تبدیلی کرکے سیلفی شیئر کرسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں