حکمران کرپشن کے سوا کوئی کام دیانتداری سے نہیں کر رہےمشاہد اللہ

کراچی کے حالات کی ذمے داراتحادی حکومت ہے، مسئلہ حل نہ ہوا تو ملک کو نقصان ہوگا

آئی جے آئی بننا نئی بات نہیں،صدرکے بے اختیار ہونے پر شفاف الیکشن ممکن ہیں، پریس کانفرنس۔ فوٹو : عرفان علی/ ایکسپریس

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں صدر کی بہن خود کو غیر محفوظ تصور کرے توملک کے عوام کا کیا ہو گا۔

حکمران ملکی امور کا کوئی کام دیانتداری سے نہیں کر رہے ہیں ،صرف کرپشن دیانت داری سے کی جا رہی ہے ،اتفاقیہ صدر بننے والے زرداری اس ملک پر رحم کریں،موجودہ اتحادی حکومت کراچی کے خراب حالات کی ذمے دار ہے، اگر کراچی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پاکستان کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ وہ اتوار کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر،نہال ہاشمی ودیگر بھی موجود تھے ۔انھوں نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کی صورت میں عدلیہ بحالی تحریک سے بڑھ کر تحریک چل سکتی ہے۔آئی جے آئی کا بننا کوئی نئی بات نہیں، آمریت کے40سالہ دور میں اس طرز پر اتحاد بنتے رہے ہیں،تاہم جس نے بھی رقم لی اس سے رقم واپس لینے کے حامی ہیں۔کراچی میں امن کے چاہنے والوں سے اتحاد کریں گے۔


امن دشمنوں سے اتحاد ہرگز نہیں ہوگا۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ الیکشن کا اعلان وقت پر ہو یا تاخیر سے،حکمران احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔ انھوںنے کہا کہ صدر کی ہمشیرہ کے ساتھ50گاڑیوں کا قافلہ چلتا ہے، وہ عدم تحفظ کا شکار ہے توپھر باقی عوام کا کیا ہوگا۔یاد رہے کہ فریال تالپور کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں سیکیورٹی کی درخواست داخل کرائی گئی ہے۔انھوںنے کہا کہ موجودہ حکومت اقتدار کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے۔ انھوںنے کہا کہ آئندہ الیکشن کی تاریخ موجودہ حکومت کے لیے یوم احتساب ہو گا۔انھوںنے کہا کہ 5سالہ مدت میں بلوچستان کا مسئلہ حل ہوا اور نہ ہی کراچی میں امن قائم ہوا۔

معیشت دوسرے ممالک کو منتقل ہورہی ہے، توانائی بحران پر قابو پانے میں حکومت ناکام رہی ہے، دہشت گردی ،بیروزگاری حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے اوراس صورتحال کے باوجود حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرکے پاکستان کی عوام میں بے چینی پیدا کررہی ہے۔انھوںنے کہا کہ کسی جرائم پیشہ شخص کے بیان حلفی پر اتنا واویلا نہیں مچانا درست نہیں۔ سپریم کورٹ کے140صفحات پر مبنی فیصلے پر کوئی بات نہیں کررہا صرف ایک صفحے پر (ن) لیگ کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انھوںنے کہا کہ انتخابات سے قبل نگراں حکومت ضرور بنے گی چاہے مذاکرات کے ذریعے بنائی جائے یا دباؤسے،اس کے بعد زرداری کے اختیارات ختم ہوجائیں گے اور شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔انھوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سندھ اور کراچی کو بچانے کے لئے مستبقل میں ایسا سیاسی اتحاد بنائے گی جس سے کراچی میں امن قائم ہو۔
Load Next Story