افغانستان بم دھماکے اور جھڑپیں کمانڈر سمیت13طالبان9 شہری ہلاک

ایساف نےطالبان کمانڈرظفران کےمارے جانیکی تصدیق کی ہےجبکہ اتحادی اورافغان سیکیورٹی فورسزکےآپریشن میں12طالبان ہلاک ہوئے۔


Online November 12, 2012
سڑک کنارے بم دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 6افراد ہلاک ہوئے جو بچے کی پیدائش کے بعد اسپتال سے گھر جارہے تھے. فوٹو: رائٹرز

افغان فورسز نے ایک کارروائی کے دوران طالبان کمانڈر کو ہلاک کر دیا جبکہ بارودی سرنگ دھماکوں میں 9عام شہری ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ ہلمند میں افغان سکیورٹی فورسز نے اتحادی فورسز کی مدد سے طالبان کے خلاف آپریشن کیا۔ اس دوران طالبان اور سیکیورٹی فورسزمیں کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں طالبان کمانڈرظفران ہلاک جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ وبارود قبضہ میں لے لیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کا کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایساف نے بھی اس آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان فورسز کے ساتھ جھڑپ میں طالبان کا اہم کمانڈر ماراگیا۔ ایساف کا مزید کہنا تھا کہ مارا جانے والا کمانڈر امریکی وافغان فورسز پر حملوں میں ملوث تھا اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور خودکش جیکٹ تیار کرنے کا ماہر تھا۔ دریں اثنا اتحادی اورافغان سیکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں جاری مشترکہ آپریشن میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 12طالبان کو ہلاک اور 28کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ افغان پولیس نے اتحادی فوج کے تعاون سے صوبہ ننگر ہار ،کپسیا،لغمان ، قندوز، چوزوان، قندھار،پکتیا،ہرات اور ہلمند میں طالبان کیخلاف آپریشن کیا اس دوران کم از کم 12طالبان ہلاک اور 9زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے 28طالبان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برامد کیا ہے۔ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے کسی جانی نقصان کے بارے میں نہیں بتایا گیا نہ ہی طالبان کی جانب سے کوئی موقف سامنے آیا ہے۔ علاوہ ازیں افغانستان میں مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں 9عام شہری ہلاک اور معتدد زخمی ہوگئے۔ صوبہ خوست کے صوبائی ڈپٹی پولیس کے مطابق علی الصبح اسپتال سے گھرجاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 6افراد بارودی سرنگ دھماکے کی زد میں آگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک نوزائیدہ بچہ، 2عورتیں اور تین دیگر افرادشامل ہیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش کے بعد اسپتال سے گھر جارہے تھے۔ حکام کے مطابق دوسرے واقعے میں صوبہ ہلمند اور قندھار میں 3افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب سڑک کنارے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے 3افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔بم دھماکوں کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔اے ایف پی کے مطابق افغانستان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نیٹو افواج کی2014 میں افغانستان سے واپسی کے بعد امریکی فوجیوں کی حیثیت کے بارے میں اہم بات چیت کابل میں اس ہفتے شروع ہوجائے گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان جاناں موسیٰ زئی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ افغانستان اور امریکی حکومت کے درمیان سلامتی کے معاہدے پر دستخط کی بات چیت کابل میں 15نومبر سے شروع ہوگی۔ موسیٰ زئی کا کہنا ہے کہ بات چیت میں افغانستان کی نمائندگی امریکا میں افغانستان کے سفیر ایکلل حکیمی اور نائب امریکی خصوصی نمائندے برائے افغانستان اور پاکستان جیمز وارلک کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |