وقار یونس کی رپورٹ لیک ہونا پی سی بی کی ناکامی ہے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ

کرکٹ میں پارلیمنٹ سے زیادہ سیاست ہے وزیر اعظم اس بات کا نوٹس لیں، وقار یونس کا وفاقی وزیر سے ملاقات میں مطالبہ


ویب ڈیسک March 31, 2016
وقار صرف ٹیم کے کوچ نہیں بلکہ ہمارے قومی ہیرو بھی ہیں، ہمیں اپنے قومی ہیرو کی تذلیل نہیں کرنی چاہیئے، ریاض پیرزادہ۔ :فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی تحقیقاتی رپورٹ کا لیک ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ناکامی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور اس حوالے سے بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وقار یونس نے وفاقی وزیر سے ورلڈ کپ سے متعلق بنائی گئی اپنی رپورٹ لیک ہونے کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ کرکٹ میں پارلیمنٹ سے زیادہ سیاست ہے، وزیر اعظم اس بات کا نوٹس لیں۔

وقاریونس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وقار یونس صرف ٹیم کے ہیڈ کوچ نہیں بلکہ ہمارے قومی ہیرو بھی ہیں، ہمیں اپنے قومی ہیرو کی تذلیل نہیں کرنی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس کی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کا لیک ہونا پی سی بی کی ناکامی ہے، رپورٹ کا لیک ہونا پی سی بی کے اندرونی اختلافات کو ثابت کرتا ہے، وقار یونس کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کروں گا اور انھیں قومی ٹیم کے کوچ کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا بھی بتاؤں گا۔ وزیراعظم ابھی مصروف ہیں لیکن جلد وقار یونس کو ملاقات کیلئے بلائیں گے کیونکہ وہ خود بھی کرکٹ سے بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔

قومی ٹیم میں اختلافات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وقاریونس کا کہنا تھا کہ میری رپورٹ میں کہیں بھی ٹیم میں لڑائیوں اوراختلافات کا ذکر نہیں بلکہ اس میں ان خرابیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی ہیڈ کوچ وقاریونس نے ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے متعلق اپنی رپورٹ لیک ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے قومی کرکٹ تباہ کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں