نجم سیٹھی اور شہریارخان کی موجودگی میں کرکٹ تباہ ہی ہوگی عمران خان

تمام بورڈ ممبران مستعفیٰ ہوجائیں گے لیکن نجم سیٹھی اپنے عہدے پر براجمان رہیں گے، چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک April 01, 2016
تمام بورڈ ممبران مستعفیٰ ہوجائیں گے لیکن نجم سیٹھی اپنے عہدے پر براجمان رہیں گے، چیئرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے بھارت سے شکست کی ذمہ داری مجھ پر ڈال دی گئی جب کہ ایک طرف کرکٹ بورڈ میں ایک طرف نجم سیٹھی ہوں اور دوسری طرف شہریار خان تو وہاں کرکٹ کی تباہی ہی ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی تباہی میں حکومت پوری طرح سے ملوث ہے، نواز شریف نے نجم سیٹھی کو پنجاب میں الیکشن جتوانے کے عوض کرکٹ بورڈ میں عہدے سے نوازا ہے اسی لیے تمام بورڈ ممبران مستعفیٰ ہوجائیں گے لیکن نجم سیٹھی اپنے عہدے پر براجمان رہیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت سے شکست کی ذمہ داری مجھ پر ڈال دی گئی اور نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ عمران خان نے ٹیم کو مشورے دیئے تھے اسی لیے ٹیم ناکام ہوئی، میں کہتا ہوں کہ تمام کرکٹر کو ٹیم سے نکال کر نواز شریف اور نجم سیٹھی سے اوپننگ کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف نجم سیٹھی ہوں اور دوسری طرف شہریار خان تو وہاں کرکٹ کی تباہی ہی ہوگی، اس بہترین پرفارمنس پر نواز شریف اور نجم سیٹھی کو مین آف دی سیریز قرار دیا جانا چاہیے۔

عمران خان نے پریس کانفرنس کےدوران اپنی پارٹی میں براہ راست الیکشن کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انٹرپارٹی الیکشن میں ہم سے غلطیاں ہوئیں جن سے سبق سیکھا، انٹراپارٹی الیکشن کرانے کی کوئی خاص ضرورت نہیں تھی کیونکہ اپنی مرضی سے بندے نامزد کردینا میرے لیے آسان بات تھی لیکن ہم نے شروع سے ہی اپنی پارٹی کو ایک ادارہ بنانے کی بات کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جسٹس وجیہہ الدین نے پارٹی الیکشن کو مسترد کردیا، انہوں نے کچھ پٹیشنز سن کر سارا الیکشن ہی مسترد کردیا اور جب ان کا فیصلہ آگیا تو کمیشن بھی ختم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے الیکشن کمیشن نے میرا حق تسلم کیا ہے جب کہ تسنیم نورانی مجھ سے میرا حق لے کر کمیشن کو دینا چاہتے تھے تاہم ان کے استعفے پر افسوس ہوا۔ عمران خان نے بتایا کہ پارٹی کا چیئرمین ،صوبائی اور ضلعی صدر ایک ایک ہی ہوگا، پارٹی انتخابات کے لیے رکنیت سازی مہم 15 اپریل تک بڑھائی ہے، ہم پارٹی انتخابات گاؤں کی سطح پر بھی کرائیں گے جس کے لیے نعمان وزیرکو پارٹی کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے جب کہ ثمر علی خان سندھ سے ممبر الیکشن کمیشن ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔